انخلا کے بعد امریکا کی ساکھ کو سخت نقصان پہنچا ہے، وزیراعظم

378

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امریکا اور پاکستان کو مل کر افغانستان میں امن کے قیام کے لیے طالبان کے ساتھ مل کر کام کرنا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے غیر ملکی جریدے نیوز ویک کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں بنیادی انسانی سہولیات کا فقدان ہے، امریکا اور پاکستان کو مل کر افغانستان میں امن کے قیام کے لیے طالبان کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا، افغانستان سے امریکی انخلا کے بعد امریکا کی افغانستان میں ساکھ کو سخت نقصان پہنچا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پرامن افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے، طالبان امن کیلیے امریکہ کے شراکت دار ہوسکتے ہیں، افغانستان میں بحران ختم کرنے کے لیے امریکا بھی کردار ادا کرسکتا ہے، پاکستان اور امریکا کو افغانستان سے دہشتگردی کو روکنے کی ضرورت ہے، افغانستان میں انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے افغانستان کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امریکا بھی افغانستان کی بحالی اور تعمیر نو میں مثبت کردار ادا کرسکتاہے، امریکا افغانستان میں نئی حکومت سے مل کرمشترکہ مفادات اور خطےکے استحکام کو فروغ دے سکتا ہے، امریکا اور خطے کی تمام بڑی طاقتوں کے درمیان تعاون ہی تباہی سے بچنے کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا اور سابقہ حکومتوں کی ناکامیوں کی وجہ سے افغانستان کو انسانی بحران کا سامنا ہے، چین افغانستان کو معاشی مدد فراہم کرتا ہے تو افغان اسے قبول کر لیں گے جب کہ طالبان نے سی پیک میں شامل ہونے اور چین سے تعلقات قائم کرنے کے امکانات کا خیر مقدم کیا۔