پنجاب بھر میں آج سے عائد پابندیاں ختم

273

لاہور سمیت پنجاب بھر میں اسمارٹ لاک ڈاون کے تحت عائد پابندیاں آج سے ختم ہوگئی ہیں، جس کے بعد اب بازار ہفتہ میں 6 روز کھلے رہیں گے جبکہ تمام مزارات زائرین کیلیے بھی کھول دیئے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق   پنجاب بھر میں آج سے تمام عائد پابندیاں ختم ہوگئیں ہیں اور حکومت کی جانب سے کاروبار کی اجازت رات 10 بجے تک کردی گئی ہے اور تمام مزارات زائرین کے لیے کھول دیئے جائیں گے جبکہ شہریوں کے لیے پارکس بھی آج سے  کھلے رہ سکیں گے۔

این سی او سی کے مطابق تفریحی مقامات50 فیصد گنجائش کے ساتھ کھولنے کی اجازت ہوگی جبکہ پنجاب بھر میں آوٹ ڈور تقریبات میں 400 ویکسینیٹڈ افراد کو شرکت کی اجازت ہوگی اور ان ڈور تقریبات میں 200ویکسینیٹڈ افراد کو شرکت کی اجازت ہے، تاہم ان ڈور اور آوٹ ڈور ڈائیننگ کی رات12 بجے تک اجازت ہے۔

خیال رہے ملک بھر کےلیے این پی آئیز 30 ستمبر تک نافذ رہیں گی جبکہ نافذ العمل این پی آئیز کا جائزہ 28 ستمبر کولیا جائے گا اور نافذ ہونے والی ان این پی آئیز کے مطابق تعلیمی شعبے کی بندش،  بیماری کے زیادہ پھیلاؤ والے اضلاع اور شہروں میں انٹرسٹی ٹرانسپورٹ کی آمد و رفت پر پابندی،  ان ڈور اور آؤٹ ڈور تمام تقریبات پر پابندی،  شادی بیاہ کی تقریبات کی اجازت صرف آؤٹ ڈور اور 300 افراد تک تعداد سے مشروط اور  انڈور جم پر پابندی قائم رہے گی۔

وزارت صحت نے قومی سطح پر کورونا مثبت تناسب کے اعداد و شمار بھی جاری کیے ہیں اور ملک بھر میں 13 ستمبر سے 19 ستمبر تک کورونا مثبت کیسز کی شرح4 فیصد سے 6 فیصد کے درمیان رہی ہے  جبکہ ملک بھر میں 35 فیصد وینٹیلیٹر کورونا مریضوں کے زیر استعمال ہیں۔

وزارت صحت کے مطابق پاکستان میں آٹھ قسم کی کورونا ویکسین استعمال کی جا رہی ہیں، پاکستان میں استعمال ہونے والی کورونا ویکسین میں سائنو ویک، سائنو فارم، ایسٹرازنکا اور موڈرنا شامل ہیں۔

واضح رہے پاکستان میں استعمال ہونے والی 8 کورونا ویکسین میں سے چھ ڈبل ڈوز اور دو سنگل ڈوز ہیں جبکہ وزارت صحت کی جانب سے ڈبل ڈوز ویکسین کا دورانیہ 28 دن مختص کیا گیا ہے۔