کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں آج سے ہلکی و تیز بارش کا امکان

375

کراچی: مون سون کا نیا سسٹم سندھ میں داخل ہو گیا ہے جس کے باعث کراچی میں آج سے کہیں بوندا باندی اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے جبکہ سمندری ہوائیں متاثر ہونے کے سبب دن کے وقت حدت محسوس کی جاسکتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردارسرفراز کا کہنا ہے کہ آج شام کے وقت شہر کے مضافاتی علاقوں سے شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ شہر کے دیگرعلاقوں میں ہلکی بارش دے سکتاہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں آج سے صوبہ سندھ پر اثر انداز ہوسکتی ہیں، صبح سے کراچی میں آج مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور بوندا باندی کا امکان ہے جبکہ کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ حیدرآباد، ٹھٹھہ، سکھر، لاڑکانہ میں 23 سے 25 ستمبر تک بارش کا امکان ہے جبکہ خیرپور، جیکب آباد، شکارپور اور جامشورو میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔

خیال رہے  نئی ایڈوائزری کے مطابق مون سون سسٹم کے اثرات  مشرقی سندھ میں داخل ہونے لگے ہیں اور اس سسٹم کے زیراثر کراچی سمیت دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں غیر معمولی ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور تیز بارش ہونے کا امکان ہے۔