اداروں کے احترام کا درس دینے والے الیکشن کمیشن پر حملے کر رہے ہیں، مریم نواز

525

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ اداروں کے احترام کا درس دینے والے الیکشن کمیشن پر حملے کر رہے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ الیکشن کمیشن حکومت کی نالائقی کی نشاندہی کر رہا ہے، حکومت الیکشن کمیشن پر ہی الزام لگا رہی ہے، انتخابی اصلاحات کو غیرمؤثر سمجھتی ہوں۔

مریم نواز نے کہا کہ عوام کو بدترین مہنگائی کا سامنا ہے، اپوزیشن کو عوام کے دکھ درد کی آواز اٹھانی چاہیے، عمران خان ملک کے پہلے سرٹیفائیڈ چور ہیں، عمران خان نے کہا تھا پیٹرول، آٹا، بجلی مہنگی ہو تو وزیراعظم چور ہوتا ہے، کنٹینر پر بھاشن سن سن کر عوام کے کان پک گئے، لوگوں کو چور کہتے کہتے آپ اپنی چوری نہیں چھپا سکتے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی ویکسی نیشن کے سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کی ویکسی نیشن سے متعلق خبر مضحکہ خیز ہے، نواز شریف کی ویکسی نیشن کا اندراج حکومتی نظام پر سوالیہ نشان ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جاوید لطیف نواز شریف کے بیانیے کے ساتھ کھڑے ہیں، آزادی رائے سب کا حق ہے، پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی نہیں ہونی چاہیئے، جاوید لطیف شوکاز نوٹس پر جواب دے دیں گے۔