جماعت اسلامی کی رابطہ عوام مہم ،روایتی جماعتوں سے مایوس کارکنوں کو خوش آمدید

7758
راولپنڈی: امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم، رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں میڈیا کو بریفنگ دے رہے ہیں، صوبائی جنرل سیکرٹری اقبال خان، ڈاکٹر مبشر احمد صدیقی اور ضیغم مغیرہ بھی موجود ہیں، دوسری جانب ڈپٹی جنرل سیکرٹری رسل خان بابر اجلاس کی صدارت کررہے ہیں‘ عارف شیرازی، محمد عثمان آکاش، رضوان احمد اور سید عذیر حامد بھی موجود ہیں

راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ تحریک انصا ف نے غریب کی جھونپڑی میں اندھیرا کردیا۔ مہنگائی، بے روزگاری، پولیس گردی، لاقانونیت سمیت ہرمحاذ پر ناکام حکمران خارجہ محاذ پربھی کمزورترین وکٹ پر ہیں۔ نیوزی لینڈجیسا ملک جہاں مسلمانوں اور مساجد پر دہشت گرد حملہ آور ہیں، اس کی کرکٹ ٹیم پاکستان میں سیکورٹی کوجوازبناکرچلی گئی۔ امریکا سمیت نیٹوکے بھگوڑے فوجی افغانستان سے فرارہوکرپاکستان میں پناہ لیتے ہیں تو یہاں کی سیکورٹی ایک کرکٹ ٹیم کے لیے کیسے سازگارنہیں تھی۔ شاہ محمودقریشی نے اپنے مورچے پردفاع کیا ہوتاتوآج ملک کورسوائی کاسامنا نہ کرنا پڑتا۔ شمالی پنجاب کے 11اضلاع میں صوبائی عوامی رابطہ مہم کا آغاز کردیا ہے۔ 10 لاکھ ووٹروں کا اضافہ اوربلاک کوڈ سطح تک6ہزارتنظیمی یونٹس فعال کریں گے۔ مہم کے اختتام پر22اکتوبرکو ایم پی اے سطح کے 63صوبائی حلقوں میں بڑے عوامی جلسہ،روڈکارواں اورریلیاں ہوں گی جبکہ 31اکتوبرکووفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں حکمرانوں کے ایوانوں کی جانب مارچ کریں گے۔ صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیے کے مطابق امیرصوبہ 47پل ضلعی سیکرٹریٹ سرگودھا میں عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ صوبائی سیکرٹری جنرل اقبال خان، نائب امرائے صوبہ ڈاکٹر مبشر احمد صدیقی، محمد ضیغم مغیرہ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل رسل خان بابر سمیت دیگرذمے داران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ کینٹ الیکشن میں جماعت اسلامی کی کامیابیاں، بلدیاتی اور قومی انتخابات کے لیے سنگ میل ثابت ہوں گی۔ عوام پیپلزپارٹی، ن لیگ اورتحریک انصاف سے مایوس ہوکرجماعت اسلامی کی جانب متوجہ ہو رہے ہیں۔ اتحادی سیاست کودفن کرکے اپنے پلیٹ فارم اور ترازو کے نشان پر جدوجہد کو کارکنان اورعوامی سطح پر پذیرائی ملی ہے۔ دوسری صفوں میں جانے والا جماعت اسلامی کا ووٹربھی اپنے گھرواپس آرہا ہے۔ اضلاع کورابطہ عوام مہم کے سلسلے میں مکمل بریف کردیا۔ ذمے داران اورکارکنان ہرگھراور ہردل پردستک دیں۔ جماعت اسلامی کے دروازے سیاسی ومذہبی جماعتوں سے مایوس کارکنان کے لیے کھلے ہیں۔ ہرآنے والے فردکوہم کھلے دل سے خوش آمدید کہیں گے۔ مہم کے دوران عوامی مسائل کے تعین کے لیے عوامی عدالتوں کا اہتمام کیا جائے گا، جن میں عوام مسائل کے ذمے داروں کا تعین کریں گے۔ ڈاکٹر طارق سلیم نے کہاکہ 24ستمبرکو امیرجماعت سراج الحق کی اپیل پر مہنگائی اوربے روزگاری کے خلاف ملک گیراحتجاج ہوگا۔ ضلعی،تحصیل اورمقامی سطح پرنااہل حکمرانوں کے خلاف عوامی مظاہرے ہوں گے جس میں عوام کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔