قومی ٹی ٹوئنٹی کا میلہ آج سے راولپنڈی میں سجے گا

105

راولپنڈی(نمائندہ خصوصی)قومی ٹی ٹوئنٹی میں شریک تمام کپتانوں نے کرکٹ شائقین سے قومی ٹی ٹوئنٹی کو سپورٹ کرنے کی درخواست کی ہے۔ آج سے 13 اکتوبر تک جاری رہنے والے ایونٹ میں ہوم سٹی سینٹرل پنجاب کی قیادت بابر اعظم، ناردرن کی شاداب خان، دفاعی چمپئن خیبر پختونخوا کی محمد رضوان، جی ایف سی سندھ کی سرفراز احمد، بلوچستان کی امام الحق اوراے ٹی ایف سدرن پنجاب کی صہیب مقصود کریں گے۔ یہ ٹورنامنٹ قومی کھلاڑیوں کو آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تیاریوں میں معاونت فراہم کرے گا۔میگا ایونٹ کے لیے اعلان کردہ 15 رکنی قومی اسکواڈ سمیت تینوں ریزرو کھلاڑی اس ٹورنامنٹ میں اپنی اپنی کرکٹ ایسوسی ایشنز کی نمائندگی کریں گے۔ایونٹ کا پہلا مرحلہ راولپنڈی اور دوسرا لاہور میں کھیلا جائے گا۔ آج سے راولپنڈی میں شروع ہونے والا پہلا مرحلہ 3 اکتوبر تک جاری رہے گا، جہاں ک±ل 18 میچز کھیلے جائیں گے۔ایونٹ کا دوسرا مرحلہ 6 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگا، جہاں فائنل سمیت ک±ل 15 میچز کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنلز 12 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔ایونٹ میں مجموعی طور پر 90 لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔ فاتح ٹیم کو 50 لاکھ روپے جبکہ رنرزاپ کو 25 لاکھ روپے بطور انعام دیا جائے گا۔ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی، بیٹسمین، بولر اور وکٹ کیپر کو ایک ،ایک لاکھ روپے کا انعام دیا جائے گا۔ہر میچ کے بہترین کھلاڑیوں کو 50 ہزار روپے جبکہ پلیئر آف دی فائنل کو 35 ہزار روپے بطور انعام دیا جائے گا۔اس موقع پر تمام ٹیموں کے کپتانوں نے اپنے اسکواڈز کو متوازی قرار دیا ہے۔ انہیں امید ہے کہ ایونٹ میں سنسنی خیز میچز کھیلے جائیں گے، جہاں کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے بھرپور اظہار کا موقع ملے گا۔