عوام میں وفاقی حکومت کیخلاف غم غصہ پایا جاتا ہے، سسی پلیجو

244

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) سابق سینیٹر پی پی لیڈیز ونگ سندھ کی رہنما سسی پلیجو نے کہا ہے کہ وفاق کی زیادتیوں کیخلاف پی پی آج سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کرائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پریس کلب ٹھٹھہ کے نئے منتخب عہدیدراں کو مبارک باد دینے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاق کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے صوبوں کو ان کے حقوق سے محروم رکھا گیا ہے، وفاقی اداروں میں سے ہزاروں ملازمین کو نوکریوں سے نکال کر فاقہ کشی پر مجبور کیا گیا ہے جس کی وجہ سے عوام میں وفاقی حکومت کے خلاف غم غصہ پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ سے این ایف سی ایوارڈ کی تقسیم کیخلاف اور وفاقی اداروں سے ملازمین کو نوکریوں سے نکالنے کیخلاف سندھ بھر میں احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ ہوا ہے۔ اس سلسلے میں آج ٹھٹھہ میں بھی بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ سابق سینیٹر سسی پلیجو نے مزید کہا کہ سندھ سمیت ٹھٹھہ میں تعلیم کی بہتری کے لیے بھرپور کوششیں کی جارہی ہیں۔ ٹھٹھہ میں آئی بی اے یونیورسٹی، سندھ یونیورسٹی اور ٹھٹھہ کیمپس سے جڑے مسائل حکومت سندھ کے سامنے پیش کیے جائیں گے تاکہ تعلیم کے متعلق تمام معاملے جلد حل ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹھٹھہ میں تین نئی یونیورسٹی کے قیام کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاڑ کے نامور شاعر و ادیب مرحوم سورج سجاولی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے 26 ستمبر کو ایک تعزیتی پروگرام مکلی جیمخانہ منعقد کرایا جائے گا اس موقع پر سابق سینیٹر سسی پلیجو نے نیشنل پریس کلب کے نئے منتخب عھدیداراں کو اجرک کے تحفے پیش کرکے مبارک باد دی۔ اس موقع پر سندھ لینگویج اتھارٹی کے چیئرمن ڈاکٹر محمد علی مانجھی، نیشنل پریس کلب ٹھٹھہ کے صدر محبوب بروھی نائب صدر رمضان بروھی۔جنرل سیکرٹری محمد میمن اور صحافی دیگر موجود تھے۔