پی ٹی آئی الیکشن کمیشن کو دبائو میں لانے کی کوشش کررہی ہے

146

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) حکمران جماعت کی طرف سے الیکشن کمشنر جیسے آئینی منصب کو متنازع بنانے کی کوشش مملکت کے آئینی وجود کو خطرہ میں ڈال دے گی، آزمودہ اور غیر متنازعہ انتخابی سسٹم کی بجائے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے انتخابات پہ اصرار قومی اداروں کو دانستہ تنازعات میں الجھانے کی کوشش ہے۔ ان خیالات کا اظہار جے یو آئی کے مرکزی پریس ترجمان محمد اسلم غوری نے جے یو آئی ضلع جیکب آباد کے امیر ڈاکٹر اے جی انصاری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا، اسلم غوری نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی روز اول سے عدلیہ،پارلیمنٹ، الیکشن کمیشن اور دیگر قومی اداروں کی ساکھ پر حملے کرتی آئی ہے، حکومتی وزراء بے ہودہ بیان بازی کے ذریعے عدالتوں اور الیکشن کمیشن کو بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مرکزی پریس ترجمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے پاس پچھلے 5 سال سے حکمراں جماعت کیخلاف فارن فنڈنگ کیس زیر سماعت ہے، پی ٹی آئی ہتھکنڈے استعمال کر کے الیکشن کمیشن کو دبائو میں لانے کی کوشش کررہی ہے، بدترین کارکردگی کی بدولت اگلے الیکشن میں حکمران جماعت کو اپنے انجام کا پتا ہے۔ اس لیے وہ آئینی عمل کو ڈی ریل کرنے کی سازشوں میں سرگرداں ہے۔ پی ڈی ایم کی قیادت نہ صرف آئینی اداروں کا تحفظ یقینی بنائے گی بلکہ شفاف انتخابی عمل کے ذریعے فاشسٹ عناصر کو اپنے انجام تک پہنچائے گی ہم پرعزم ہیں،سیاسی جماعتوں کے علاوہ وکلاء اور صحافی ملک میں قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی کی جنگ جیت رہے ہیں۔