پاکستان کی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی، نور الٰہی مغل

221

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) بے لگام کمر توڑ مہنگائی اورظالمانہ ٹیکسز نے کروڑوں پاکستانیوں کی چیخیں نکلوا دیں۔ عمرانی حکومت میں پہلے سے لاچار پاکستان کی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے۔ملکی تاریخ کا سب سے زیادہ قرض لینے والے وزیر اعظم عمران خان نے ملک کو غیر ملکی ساہوکار اداروں کے آگے چارے کے طور ڈال رکھا ہے جس سے ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کو خطرات لاحق ہوچکے ہیںملک کا مزدور تاجر ملازمت پیشہ اور دیہاڑی دار طبقہ زندگی کی سانسیں گننے پر مجبور ہوچکا ہے۔ بے روزگاری کا اژدھا عوام پر مسلط ہے جو کہ لاکھوں پاکستانیوں کی ملازمتیں نگل رہا ہے جماعت اسلامی حکمرانوں کی معاشی پالیسیوں کو مسترد کرتی ہے اکتوبر میں اسلام آباد میں جماعت اسلامی لاکھوں نوجوانوں کے ساتھ حقیقی اپوزیشن کی ذمے داری ادا کرتے ہوئے تحریک چلائے گی جو کہ بدترین اور نااہل و ناکام حکومت کے لیے نوشتہ دیوار ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی میرپورخاص حاجی نور الٰہی مغل نے ملک میں زندگی اجیرن کردینے والی بدترین مہنگائی کیخلاف اپنے بیان میں کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نااہل و نالائق حکومتی معاشی ماہرین کی ناقص معاشی پالیسیاں ملک کے غریب عوام پر پہاڑ بن کر ٹوٹ رہی ہے جماعت اسلامی کروڑوں پاکستانیوں کی ترجمانی کرتے ہوئے اس بدترین حکومت کو گھر کا راستہ دکھائے گی۔ ملک کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت صرف جماعت اسلامی کی دیانتدار اور اہل قیادت میں ہے پاکستان کو امریکا اور اس کے گماشتے عالمی معاشی اداروں سے آزاد کرائے بغیر ترقی اور خوشحالی ناممکن ہے۔