واپڈا کی نجکاری کیے جانے کا ڈرامہ کیا جارہا ہے، امیر حسن قائمخانی

222

ڈگری(نمائندہ جسارت) واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک لیبر یونین کے مرکزی چیئرمین عبداللطیف نظامانی کی ہدایت پر بدھ کے روز ڈگری میں یونین کے کارکنان اپنے مطالبات کی منظوری اور واپڈا کی امکانی نجکاری کے خلاف بازوں پر سیاہ پیٹیاں باندھ کر دفاتر کو تالے لگا کر حیسکو آفس سے احتجاجی ریلی کی صورت میں شہر کے مرکزی محمدی چوک پر پہنچے۔ جہاں یونین کے ڈویژنل چیئرمین امیر حسن قائم خانی، یوتھ ونگ کے چیئرمین فیصل حیات قائم خانی، آصف آرائیں، سوائی مل مالھی، میر حبیب اللہ تالپور، لالا اعجاز خان، بابو سعید، عامر آرائیں، مسلم قائم خانی، جاوید خان اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے واپڈا کی نجکاری کیے جانے کا ڈرامہ کیا جارہا ہے، جو ملازمین کو کسی صورت قبول نہیں۔ واپڈا ایک بہترین ادارہ ہے جس میں ملازمین کی کمی کے باوجود ایمانداری سے کام ہو رہا ہے۔ ملازمین کی کمی دور کرنے کے لیے ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے ملازمین کو مستقل کیا جائے، تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے اور سن کوٹہ میں واپڈا ملازمین کی اولاد کو بھرتی کیا جائے۔ ٹی اینڈ پی کٹ نہ ہونے سے کئی ملازمین کام کے دوران اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ اور کئی معذور ہوچکے ہیں۔ اس کے باوجود ملازمین کو کوئی سہولت نہیں دی جارہی۔ ملازمین واپڈا کی نجکاری نہیں ہونے دینگے۔ ملازمین کے مطالبات فوری منظور کرکے انہیں سہولیات فراہم کی جائیں۔ بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ بڑھتا جائے گا۔