عالمی مالیاتی اداروں نے پاکستان کو گھیررکھا ہے،علی احمد گورایہ

164

فیصل آباد (جسارت نیوز) کسان بورڈ کے ڈویژنل صدر علی احمدگورایہ نے کہا ہے کہ کمرتوڑ مہنگائی، بیروزگاری کی شرح میں ہوشربا اضافہ اور حکمرانوں کی دیگر عوام دشمن پالیسیوں کیخلاف جمعہ 24 ستمبر کو جماعت اسلامی کے احتجاج کی بھرپورحمایت کرتے ہوئے کہاکہ ملکی معیشت جو پہلے ہی سابق حکومتوں کی پالیسیوں کی وجہ سے کمزور اور لاچار تھی اب مکمل تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے۔ موجودہ حکومت نے ملکی تاریخ کا سب سے زیادہ قرضہ لیا اور عوام کومجموعی طور پر 50ہزار ارب کے لگ بھگ مقروض کردیا۔ ایک طرف آئی ایم ایف اور دیگر عالمی مالیاتی اداروں نے ملک کو نرغے میں لے رکھا ہے دوسری جانب مختلف مافیاز نے عوام کی گردن دبوچ رکھی ہے۔ انہوںنے کہا کہ حکومت نے گیس کی قیمتوں میں 30 فیصد کے قریب اضافہ کا منصوبہ بنایا ہے۔ بجلی پر سبسڈی ختم کرنے کا بھی اعلان ہواہے۔ پیٹرول کی قیمت پر آدھی سے زیادہ لیوی لی جارہی ہے۔ ادویات کی قیمتوں میں گزشتہ 3 برسوں میں 13 بار اضافہ ہوا ہے۔ اشیائے خورونوش جن میں بنیادی ضرورت کی اشیا مثلاً دالیں، گھی، چینی، آٹا وغیرہ شامل ہیں کی قیمتیں 100سے 300 فیصد بڑھی ہیں۔ زرعی ادویات، کھاد، بیج اور زرعی ٹیکنالوجی وغیرہ عام کسان کی پہنچ سے دور ہیں۔ ڈی اے پی کھاد کی بوری جو 3 سال قبل 3 ہزار کی تھی اب 6 ہزار سے اوپر کی ملتی ہے۔دوسری طرف بیروزگاری کا طوفان نہیں تھم رہا۔ وزیراعظم نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کااعلان کیا مگر الٹا 50لاکھ کو مزیدبے روزگار کردیا۔ مارکیٹ میں روزی کمانے کے ذرائع مخدوش ہوگئے ہیں۔ مزدور، کسان، سرکاری ملاز م سب بے حال ہیں۔ کاروباری حضرات کی اکثریت اور خاص کر کے چھوٹا تاجر حالات کا رونا رو رہا ہے۔ انہوں نے کہایہ سب نااہل حکمرانوں کی نااہل پالیسیوں کی وجہ سے ہیں۔ پاکستان کو اللہ تعالی نے تمام نعمتوں سے نوازا ہے، ہمارے پاس وسائل کی کمی نہیں مگر حکمرانوں کی نیت کا مسئلہ ہے جو اپنی جیبیں بھر کر عوام کو مجبور اور محروم رکھے ہوئے ہیں۔