سول اسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی پوری کی جائے، آفتاب قریشی

341

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) تحریک انصاف ڈسٹرکٹ میرپورخاص کے پانچ رکنی وفد نے ضلعی صدر آفتاب قریشی کی سربراہی میں سول اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر ھرچند رائے سے ملاقات کی اور اسپتال کے اسٹاف اور اسپتال کی کارکردگی، صفائی، دوائوں کی عدم دستیابی پر بات چیت کی۔ سول سرجن ڈاکٹر ہرچند راے نے بتایا کہ ہمارے پاس ڈاکٹروں کی کمی ہے، جس کی وجہ سے اسپتال کی کارکردگی بری طرح متاثر ہے، ہمارے یہاں گریڈ 18 کے بیس ڈاکٹر کی گنجائش ہے مگر صرف چار ڈاکٹر کام کر رہے ہیں۔ گریڈ 17 کے 19 میں سے 9ڈاکٹر کام کر رہے ہیں، اسی طرح شعبہ ایمرجنسی میں آٹھ ڈاکٹر کی کمی ہے، ٹیکنیشن کے شعبہ میں الٹرا سائونڈ، ای سی جی، ای این ٹی،ہارٹ اسپیشلسٹ، چیسٹ اسپیشلسٹ کوئی ڈاکٹر نہیں ہے۔ لیبارٹری میں ٹیسٹنگ کا تمام سامان پرانا استعمال کیا جارہا ہے، اسپتال کے لیے اب 15 کروڑ بجٹ منظور ہوا ہے اور یہ بجٹ 20 سے 25 کروڑ روپے ہونا چاہیے۔ ڈاکٹروں کی کمی کی وجہ سے اکثر اموات بھی ہوجاتی ہیں۔ سول سرجن نے کہا کہ اگر اسپتال کا عملہ پورا ہو اور ڈاکٹروں کی کمی پوری ہوجائے تو یہ اسپتال اعلیٰ کارکردگی دکھا سکتا ہے۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے صدر آفتاب قریشی نے کہا کہ نیو سول اسپتال کی عمارت میں اس اسپتال کو شفٹ کیا جارہا ہے جبکہ اس عمارت کی تعمیر میں انتہائی ناقص مٹریل استعمال کیا گیا ہے اور کروڑوں روپے کا ٹیکہ عوام کو لگایا گیا ہے، جس پر ڈپٹی کمشنر نے چیف سیکرٹری سندھ کو اپنے لیٹر میں اس کی نشاندہی کی ہے اور نیب بھی اس پر انکوائری کررہا ہے، مگر پھر بھی اسپتال کو دور دراز علاقے میں شہر سے باہر منتقل کیا جارہا ہے تاکہ انکوائری رپورٹ آنے سے پہلے جو کروڑوں روپے کا ٹیکہ عوام کے ٹیکس کے پیسوں پر لگا ہے اسے چھپایا جاسکے۔