ایئر لنک کمیونیکیشن لمیٹڈ کی لسٹنگ کے سلسلے میں گونگ تقریب کے موقع پر روایتی گھنٹہ بجایا جارہا ہے

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایئر لنک کمیونیکیشن لمیٹڈ کی لسٹنگ کے سلسلے میں ایک گونگ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس نے حال ہی میں اپنی اِنیشل پبلک آفرنگ کو کامیابی سے سرانجام دیا ہے۔ یہ پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ کی تاریخ میں نجی شعبے کا اب تک سب سے بڑا آئی پی او تھا جس کی مالیت اسٹرائیک پرائس پر6.435 ارب روپے تھی۔ جے ایس گلوبل کیپٹل لمیٹڈ نے اس اِیشو (اِجرا)کے لیڈ منیجر اور بْک رنر کے فرائض انجام دیے۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں یہ کمپنی 22 ستمبر 2021 سے میں لسٹڈ ہے۔اس اِیشو میں 90 ملین عام شیئرز شامل تھے جنھیں 100فیصدبْک بلڈنگ طریقہ کار کے تحت 65 روپے فی شیئر کی فلور پرائس پر پیش کیا گیا تھا۔ بولی دہندگان کو اجازت دی گئی کہ وہ اِیشو کے 100 فیصد سائز کے لیے بولیاں لگاسکتے ہیں۔ تاہم، کامیاب بولی دہندگان کو عارضی طور پر اِیشو سائز کا صرف 75 فیصد الاٹ کیا گیا تھا،یعنی 67.5 ملین شیئرز اور باقی 25 فیصد یعنی 22.5 ملین شیئرز ریٹیل سرمایہ کاروں کو پیش کیے گئے تھے۔ کمپنی کو 5.850 ارب روپے کے اِیشو کے لیے 10.730 ارب روپے کی مجموعی بولیاں موصول ہوئیں، اس طرح اسے1.8x بار اوورسبسکرائب کیا گیا۔ سرمایہ کاروں کی ایک بڑی تعداد نے بْک بلڈنگ کے مرحلے میں حصہ لیا جبکہ518بولی دہندگان میں سے 388 سرمایہ کار کامیاب بولی دہندگان کی حیثیت سے کامیاب ہوئے۔