کراچی : عبدالستار ایدھی اسٹیڈیم میں چیف آف دی نیول اسٹاف ہاکی ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے میچ کا منظر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن کی زیرنگرانی عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کراچی میں جاری چیف آف دی نیول اسٹاف آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ کے دوسرے دن کے پہلے میچ میں ائر فورس نے پورٹ قاسم کو صفر کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دیدی. ائرفورس کے پینالٹی کارنر اسپیشلسٹ رضوان علی نے ٹورنامنٹ کی پہلی ہیٹ ٹرک بنانے کا اعزاز حاصل کرلیا.رضوان علی نے 30ویں 36ویں اور 54ویں منٹ میں گول اسکور کیے۔ائرفورس کی جانب سے چوتھا گول عبدالرحمن نے کیا۔رضوان علی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ جن کو پاکستان ہاکی ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑی اولمپین سمیع اللہ خان نے مین آف دی میچ ایوارڈ سے نوازا، اس موقع پر ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اولمپین ناصر علی اور پاکستان کے سابق کھلاڑی ندیم این ڈی بھی انکے ہمراہ موجود تھے دوسرے میچ میں دفاعی چمپئن نیشنل بینک نے آرمی کو صفر کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دیدی۔نیشنل بینک کی جانب سے محمد دلبر، ابوبکر محمود اور حنان شاہد نے ایک، ایک گول اسکور کیا۔نیشنل بینک کے فیصل قادر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔