پاکستان اسٹاک میں مندی،78 فیصد حصص کی قیمتیں گھٹ گئیں

160

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) مرکزی بینک کی جانب سے شرح سود میں اضافے کے منفی اثرات ظاہر ہونا شروع ہو گئے ،پاکستان اسٹاک مارکیٹ مسلسل دوسرے دن بھی مندی کی لپیٹ میں رہی اور کے ایس ای100انڈیکس مزید400پوائنٹس گھٹ گیا جس کی وجہ سے انڈیکس 46ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے گر گیا او ر45500پوائنٹس کی پست سطح پر بند ہوا ،مندی کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 65ارب روپے سے زائد ڈوب گئے جبکہ78.66فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں۔ماہرین کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے شرح سود میں 25 بیسز پوائنٹس کے اضافے کے بعد حکومت پاکستان کو بیرونی قرضوں پر سود کی مد میں ڈیڑھ سو ارب روپے کی اضافی ادائیگی کرنے اوررواںمالی سال کے دوران شرح سود میں2فیصد تک اضافے کے امکان پرحکومت پراضافی 1ہزار سے1200ارب روپے تک قرضوں کا بوجھ بڑھنے اور شرح سود میں اضافے کی وجہ سے نہ صرف مہنگائی بلکہ صنعتوں کی پیداواری لاگت میں بھی اضافے کے خدشات پر سرمایہ کاروں نے نہ صرف نئی سرمایہ کاری سے ہاتھ کھینچ لیا بلکہ فروخت کے ساتھ سرمائے کے انخلاء کو بھی ترجیح دی جس کی وجہ سے مارکیٹ ٹریڈنگ کے دوران سنبھل نہ سکی اور تنزلی کا شکار ہو کر مندی کی زد میں آ گئی ۔