تاجروں کو بلا سود قرض ودیگر سہولیات فراہم کی جائیں،سلیم قریشی

298
 حیدرآباد چیمبر اسمال ٹریڈرز کے صدر سلیم الدین قریشی اور مجتبیٰ خان سیمینار سے خطا ب کررہے ہیں

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کی سب کمیٹی برائے بینکنگ امور کے اشتراک سے الائیڈ بینک کی جانب سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں بریفنگ دیتے ہوئے ریجنل ہیڈ محمد مجتبیٰ خان نے کہا کہ اسٹیٹ بینک اور الائیڈ بینک کی جانب سے نئی پالیسیاں مرتب کی جارہی ہیں جو تاجر برادری کے لیے سود مند ثابت ہوں گی، تمام پروڈکٹس پر کام جاری ہے، کچھ نئے ڈیجیٹل پروڈکٹ بھی آئے ہیں کیونکہ آنے والا وقت ڈیجیٹلائزڈ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اب آپ گھر بیٹھے بھی صرف 100 روپے میں ’’ مائے پاکستان ڈیجیٹل اکائونٹ ‘‘ کھلوا سکتے ہیں، بزنس انٹرنیٹ بینک جو کہ نئی پروڈکٹ ہے اِس سے آپ جتنی چاہیں تجارت کریں، آپ آفس میں بیٹھ کر بینک سے ڈرافٹ یا کچھ بھی منگوا سکتے ہیں۔ اس سے قبل صدر چیمبر سلیم الدین قریشی نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے تاجروں کے لیے نئی پالیسیاں بنائیں جائیں اور اُنہیں بلا سود قرضہ جات فراہم کئے جائیں جس سے اُن کو فائدہ حاصل ہو۔ کنوینرسب کمیٹی بینکنگ شان سہگل نے کہا کہ آپ کی کونسی برانچزچھوٹے و درمیانے درجے کے تاجروںکو سہولیات فراہم کرنے پر کام کر رہی ہیں، چھوٹے و درمیانے درجے کے تاجروںکیلیے اسٹیٹ بینک بہت کام کررہا ہے آپ بھی اس طرف توجہ دیں ایس ایم ای معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ سیمینار میں سینئر نائب صدر محمد الطاف میمن، سابق صدور دولت رام لوہانہ، محمد اکرم انصاری، برانچ منیجر امداد حسین میمن ودیگر نے بھی شرکت کی۔