افغان کرکٹ بورڈ پاکستان سے ون ڈے سیریز کا خو اہاں

125

کابل (آن لائن )افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے پاکستان کی میزبانی میں ون ڈے سیریز کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ غیرملکی خبر رساں ادار ے کے مطابق افغان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین عزیز اللہ فاضلی نے کہا کہ وہ رواں ہفتے کے آخر میں پاکستان کا دورہ کریں گے
جس میں پاکستان ٹیم کو ون ڈے سیریز کے لیے میزبانی کی پیشکش کریں گے۔ اے ایف پی کے مطابق عزیز اللہ فاضلی نے خواتین کے کھیلوں میں حصہ لینے سے متعلق سوال پر واضح جواب دینے سے گریز کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا خطے میں کرکٹ کے حوالے سے اہم ممالک کے دورے کا بھی ارادہ ہے۔افغان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ وہ 25 ستمبر سے پاکستان کا دورہ کریں گے جس کے بعد وہ بھارت، بنگلادیش اور متحدہ عرب امارات جائیں گے جہاں وہ کرکٹ بورڈ کے حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین رمیز راجہ سے ملاقات کریں گے جس میں وہ پاکستان کو اس سیریز کی میزبانی کی پیشکش کریں گے جو ستمبر میں سری لنکا میں کھیل جانی تھی۔ افغان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے کہا کہ ہم افغانستان میں مستحکم کرکٹ دیکھنا چاہتے ہیں جو دیگر ممالک کے تعاون سے ممکن ہے۔ دوسری جانب خبررساںادار ے اے ایف پی کا کہنا ہیکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے بھی عزیز اللہ فاضلی کے دورے کی تصدیق کی ہے۔