سہیل شاہین اقوام متحدہ میں افغانستان کے مستقل مندوب تعینات ،خواتین کو کام کرنے کی مشروط اجازت

295

اقوام متحدہ/ کابل (خبر ایجنسیاں/ مانیٹرنگ ڈیسک) طالبان حکومت نیسہیل شاہین کو اقوام متحدہ میں افغانستان کے مستقل مندوب کے طور پر تعینات کردیا جبکہ خواتین کو کام کرنے کی مشروط اجازت دے دی۔ تفصیلات کے مطابقطالبان نے رواں ہفتے اقوام متحدہ میں عالمی رہنماؤں سے خطاب کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ترجمان سہیل شاہین کو اقوام متحدہ میں اپنا سفیر نامزد کردیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق افغانستان کے وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کوخط لکھتے ہوئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرنے دینے کا مطالبہ کیا اور ترجمان سہیل شاہین کو افغانستان کا سفیرنامزدکیا۔ عرب میڈیا کے مطابق طالبان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی نے پیر کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو لکھے گئے خط میں خطاب کرنے کی درخواست کی۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان نے طالبان وزیرخارجہ کے خط کی تصدیق کردی ہے۔ترجمان کے مطابق افغانستان کی اقوام متحدہ کی نشست کے لیے درخواست 9 رکنی کمیٹی کو بھیجی گئی ہے جبکہ کمیٹی میں امریکا، چین اور روس شامل ہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ کمیٹی کا پیرسے پہلے اس معاملے پربیٹھک کا امکان نہیں اس لیے شبہ ہے کہ طالبان کے وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی اقوام متحدہ سے خطاب نہ کر سکیں۔ عرب میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کی طرف سے طالبان کے سفیرکو قبول کرنا ایک اہم قدم ہوگا۔واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا سالانہ اجلاس پیر27 ستمبر کو ختم ہوجائے گا۔اقوام متحدہ کے انسانی امور اور ایمرجنسی ریلیف کے کوآرڈینٹرمارٹن گریفتھس نے افغانستان کے صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو تباہ ہونے سے بچانے کے لیے 4 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے ہنگامی فنڈز جاری کر دیے ہیں۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق مارٹن گریفتھس نے بدھ کو ایک بیان میں کہا کہ وہ افغانستان میں صحت کے نظام کو تباہ ہونے سے بچانے اور زندگیوں کو بچانے کے لیے اقوام متحدہ کے سینٹرل ایمرجنسی رسپانس فنڈ سے ہنگامی فنڈز جاری کر رہے ہیں ۔ علاوہ ازیں طالبان نے ایسی خواتین کو کام پر آنے کی اجازت دے دی ہے جن کے کام مرد نہیں کرسکتے۔ امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی ایک رپورٹ کے مطابق کابل کے قائم مقام میئرحمداللہ نعمانی نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ کابل میں خواتین کو صرف ایسے کاموں پر جانے کی اجازت دی گئی ہے جو کام مرد حضرات نہیں کرسکتے‘ مثال کے طور پر بازاروں میں خواتین کے عوامی بیت الخلا کی صفائی وغیرہ ۔انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کا کام مرد کریں گے جب تک ملک میں حالات نارمل نہیں ہوجاتے‘ ہم نے خواتین کو گھر میں رہنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ افغان صوبے ننگرہار کے صوبائی دارالحکومت جلال آبادمیں مسلح حملہ آوروں نے طالبان کی گاڑیوں پر حملے کیے۔ جرمن خبر رساں ادارے نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا کہ ان حملوں میں طالبان کے 2 جنگجو اور3 دیگر افراد ہلاک ہوگئے۔