کرپٹ نظام سے مستفید ہونے والے ووٹنگ مشین کی مخالفت کررہے ہیں،وزیراعظم

5748
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کارکردگی معاہدوںپر دستخط کی تقریب سے خطاب کررہے ہیں

اسلام آباد(نمائندہ جسارت+آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرپٹ نظام سے مستفید ہونے والے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی مخالفت کررہے ہیں۔بدھ کو اسلام آباد میں پرفارمنس ایگریمنٹ پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ضروری ہے ہم اپنی حکومت کے آخری 2 سال اہداف مقرر کرکے ان کا سہ ماہی جائزہ لیں، رواں سال ہمارے لیے بہت اہم ہے، ہم نے رواں سال اہداف مکمل کیے تو آئندہ سال آسان ہوگا۔ عمران خان نے کہا کہ حکومت کے 3سال میں جتنا سیکھا اتنا زندگی میں نہیں سیکھا، کیونکہ سب سے زیادہ مشکل وقت یہ تھا، انسان کا پتا ہی مشکل وقت میں پتہ چلتا ہے، جو انسان محنت نہیں کرتا وہ ترقی نہیں کرسکتا، اگر آج تھوڑے سے یہودی دنیا میں سب سے طاقتور ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ سب سے زیادہ پڑھے لکھے ہیں، امریکا کی ہر یونیورسٹی میں یہودی بیٹھے ہیں کیونکہ وہ محنت کرتے ہیں، مشکل وقت میں صبر کرنے سے اگلی مشکل میں بقا کی صلاحیت بڑھ جاتی ہے۔وزیراعظم کے بقول ہم سارے مافیا کے سامنے کھڑے ہیں، ذاتی مفادات والے تبدیلی نہیں چاہتے، ہر الیکشن میں دھاندلی کی شکایت ہوتی ہے مگر کوئی تجویزنہیں دیتا کیسے مسئلہ دورکریں، کرپٹ مافیا ہمارا سب سے بڑا دشمن ہے، ہمارے سامنے اس سے نمٹنے کا چیلنج ہے۔عمران خان نے کہا کہ ہم ترقیاتی فنڈز سے نہیں بلکہ حکومتی کارکردگی سے جیتیں گے، خصوصا کے پی، پنجاب، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں، تاہم اصل جنگ اس وقت پنجاب کی ہے، آخر 2 سال میں پورا زور لگاکر اہداف کو حاصل کرلیا تو حکومت مزید مضبوط ہوکر آگے جائے گی۔علاوہ ازیں وزیراعظم سے ٹی 20 ورلڈکپ سکواڈ میں شامل قومی کھلاڑیوں نے ملاقات کی جس میں موجودہ کرکٹ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئر مین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجا بھی اس موقع پر موجودہ تھے ۔ملاقات سے قبل جب قومی کھلاڑی وزیراعظم ہاؤس پہنچے تو کھلاڑیوں نے سفید قمیض شلوار اور گہرے نیلے رنگ کی ویسٹ کوٹ زیب تن کر رکھی تھی۔وزیراعظم نے کھلاڑیوں سے اپنا کرکٹ کا تجربہ شیئر کیا، کھلاڑیوں کا مورال اور اعتماد کی حوصلہ افزائی کی ۔ عمران خان نے قومی کرکٹ ٹیم کو کارنر ٹائیگرز کا لقب دیتے ہوئے کہا کہ آپ کوگھبرانا نہیں ہے۔