بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا خیال رکھنا حکومت کی خواہش ہے، وزیر خارجہ

206

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا خیال رکھنا حکومت کی خواہش ہے۔

نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے تاریخی رقوم پاکستان بھجوائیں، ہم نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ایف ایم پورٹل کا آغاز کیا ہے، ایف ایم پورٹل نیویارک اور 4 مختلف ممالک میں متعارف کروایا گیا، اگلے مرحلے میں 21 ممالک تک سہولت کو وسعت دے رہے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی بات کی، نادرا چیئرمین نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے اقدامات اٹھائے، وسائل کی کمی تو ہو سکتی ہے لیکن اخلاق کی کمی نہیں ہونی چاہیے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستانی امریکن کمیونٹی مقامی سیاست میں اپنا اثر و رسوخ رکھتی ہے، پاکستانی امریکن کمیونٹی پاکستان کے مفاد میں موثر کردار ادا کرسکتی ہے، معمولی جرائم میں بیرونی ممالک میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے لیے کاوشیں کی گئیں۔