ختم نبوت قانون پر کوئی سودا بازی نہیں ہوگی، عبدالقدوس احمدانی

197

ٹنڈوجام (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے اسٹنٹ جنرل سیکرٹری عبدالقدوس احمدانی نے کہا ہے کہ ختم نبوت قانون پر کوئی سودا بازی نہیں ہوگی اسلام قبول کرنے کی عمر کا تعین کرنا اللہ کے عذاب کو دعوت دینے کے مترادف ہے یہ بات انہوں نے جماعت اسلامی عثمان ٹنڈوجام میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا جب سے تحریک انصاف کی حکومت بر سر اقتدار آئی ہے اسلامی قوانین کے پیچھے پڑی ہے، قادیانیوں کو مسلسل سہولتیں فراہم کرکے مسلمانوں کے جذبات سے کھیل رہی ہے تو کبھی بل لے کر آتی جس سے شریعت کی مخالفت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی آدمی زبردستی مسلمان نہیں بنایا جاسکتا، مسلمان بننے کے بعد بہت سے فرائض عائد ہوتے ہیں جن پر عمل کرنا لازمی ہے جبکہ دیگر مذاہب میں ایسا نہیں، اس لیے زبردستی مسلمان بنانے کی بات ہی غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجود حکومت اللہ تعالیٰ کو راضی کرنے کے بجائے آئی ایم ایف امریکا اور بھارت کو خوش کرنے میں لگی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جس طرح خود پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کرکے عوام پر ظلم کررہے ہیں اور کی مثال نہیں ملتی اس وقت پورا ملک مہنگائی، بے امنی کی لپیٹ میں ہے، بے روزگار پھیلتی جارہی ہے لیکن موجودہ حکمرانوں کو اس کی کوئی پرواہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پھیلے ہوئے مسائل کا حل صرف قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ میں ہے، اگر عوام نے اس بار جماعت اسلامی کا ساتھ دیا تو جماعت اسلامی کے پاس وہ دیانت دار اور پاکیزہ قیادت موجود ہے جو ملک کو خوشحال پاکستان بنا دے اس موقع پر لیاقت بروہی ثناء اللہ اسلم اُنڑ سمیت دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔