غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کو سزا ہوگی ، ساجد امیر

175

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ایس ایس پی ساجد امیر نے کہا کہ قانون سے کوئی بالاتر نہیں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لاکر کھڑا کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے شہری آنے والے دنوں میں امن و امان کی بہتر صورتحال کو محسوس کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رہنما محمد نوید شیخ سے اپنے دفتر میں بات چیت کے دوران کیا۔ اس موقع پر محمد نوید شیخ نے نئے ایس ایس پی ساجد امیر سدوزئی کو چارج سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان سے ملاقات میں کہا کہ شہر حیدرآباد کے لطیف آباد اور قاسم آباد میں چوری، ڈکیتی، اسٹریٹ کرائمز کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ شہریوں کو ڈاکوئوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا۔ پولیس ایک خاص مائنڈ سیٹ کے تحت کام کرتی ہے، ان حالات میں پولیس کی تربیت کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں لطیف آباد تھانہ بی سیکشن کی حدود بالخصوص یونٹ 6 کے علاقے میں بڑھتی ہوئی وارداتوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے علاقے میں پولیس چوکی قائم کرنے اور موبائل گشت میں اضافہ کی ضرورت پر زور دیا۔ محمد نوید شیخ نے کہا کہ وہ پہلے بھی اس کا مطالبہ کر چکے ہیں کہ پولیس چوکی اور پیٹرولنگ کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے ایس ایس پی ساجد امیر سدوزئی کو عہدہ کا چارج سنبھالنے کے فوری بعد حیدرآباد میں غیر قانونی طور پر فروخت ہونے والی مضر صحت مین پوری، گٹکا اور پان پراگ کیخلاف بھرپور کارروائی کا آغاز کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔