جیکب آباد میں فل فرائی کیس کی پیروی کرنے والا چچا زاد گرفتار

136

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جیکب آباد میں فل فرائی کیس کی پیروی کرنے والا چچا زاد گرفتار، مولا داد پولیس کا مجیب جکھرانی کو پستول سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ، مجیب کو تین روز قبل کراچی سے گرفتار کیا گیا، ورثا مجیب کی تلاش میں تھے، جیکب آباد پولیس نے پستول سمیت گرفتاری ظاہر کی ہے۔ پولیس مجیب کے بھائی کا کیس داخل کرنے کے بجائے ہراساں کررہی ہے، مولابخش سومرو کا الزام۔ پانچ ماہ قبل پولیس کی جانب سے مقابلے میں فل فرائی کیے گئے نوجوان بختار جکھرانی اور محمد شیر جکھرانی کو جعلی مقابلے میں قتل کے معاملے کی پیروی کرنے والے برطرف کیے گئے پولیس اہلکار مجیب جکھرانی کو مولا داد پولیس نے پستول سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس ترجمان کے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پولیس مقابلے میں مطلوب مجیب جکھرانی کو مولاداد تھانے کی حدود سے پستول سمیت گرفتار کیا گیا ہے، مجیب کے قبضے سے ٹی ٹی پستول برآمد کرکے غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سول لائن تھانے کی حدود پولیس مددگار سینٹر کے قریب مئی کے مہینے میں پولیس نے مبینہ مقابلے میں بختار جکھرانی اور محمد شیر جکھرانی کو فل فرائی کیا تھا۔ اس معاملے کی پولیس اہلکار مجیب جکھرانی پیروی کررہا تھا اور مختلف فورمز پر اس حوالے سے آواز بھی بلند کی جس پر ایس ایس پی کی جانب سے مجیب جکھرانی کو نوکری سے برطرف کیا گیا تھا اور اب گرفتار کرکے کیس داخل کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف یوتھ کے مرکزی صدر مولا بخش سومرو نے کہا کہ پولیس کی جانب سے فل فرائی کیے گئے دو نوجوانوں کے کیس میں انصاف کے لیے جدوجہد کرنے والے مجیب کو کراچی سے تین روز قبل گرفتار کیا گیا۔ ورثا گمشدگی پر پریشان اور تلاش میں تھے کہ پیر کی رات کو مجیب کی مولاداد پولیس کے ہاتھوں گرفتار دکھائی گئی ہے۔ مجیب کراچی مجھ سے ملنے آیا تھا،پولیس مقابلے میں مارے گئے نوجوانوں کے کیس سے دستبردار کرنے کے لیے مجیب اور اس کے عزیز و اقارب کو پولیس کی جانب سے مختلف طریقوں سے ہراساں کیا جارہا ہے۔ چیف جسٹس عدالت عظمیٰ، سندھ ہائی کورٹ، آئی جی سندھ اس کا نوٹس لیں۔