ٹنڈو محمد خان ، لوڈ شیڈنگ سے زندگی اجیرن کاروباری سرگرمیاں مفلوج

64

ٹنڈو محمد خان (نمائندہ جسارت) کئی کئی گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کردی، کاروباری سرگرمیاں مفلوج ہوکر رہ گئیں، شہریوں کا وزیر اعظم عمران خان سے لوڈشیڈنگ کا نوٹس لینے کا مطالبہ۔ ٹنڈو محمد خان شہر، بلڑی شاہ کریم، ٹنڈو غلام حیدر ودیگر علاقوں میں حیسکو کی جانب سے کئی کئی گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ سے شہریوں کی زندگی اجیرن اور کاروباری سرگرمیاں مفلوج ہوکر رہ گئیں۔ لوڈشیڈنگ کے باعث کئی علاقوں میں واٹر سپلائی کا پانی نہیں آتا، جس کے باعث شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔ دوسری جانب شدید گرمی اور حبس کے موسم میں بجلی بند ہونے کے سبب تعلیمی سرگرمیاں بھی مفلوج ہوکر رہ گئی ہیں۔ شہریوں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ لوڈشیڈنگ کیخلاف جلد از جلد نوٹس لیا جائے اور ضلع ٹنڈو محمد خان سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے۔