اداروں سے تصادم کی پالیسی عمران خان کو لے ڈوبے گی، سردار ظفر

117

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیر سردار ظفر حسین خان نے وفاقی وزراء فواد چودھری، اعظم سواتی کی طرف سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کیخلاف شرمناک اور توہین آمیز بیانات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اداروں سے تصادم کی پالیسی عمران خان کو لے ڈوبے گی۔حکومتی وزراء دھونس اور دھمکیوں سے ڈرا کر الیکشن کمیشن کواپنے کنٹرول میں لاناچاہتے ہیں، الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کو حکومتی وزراء کے نامناسب بیانات کیخلاف نوٹس لینا چاہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر الیکشن کمیشن کا مؤقف آئین، جمہوریت اور عوام کے مفاد میں ہے۔ الیکشن کمیشن اور اپوزیشن جماعتوں نے ووٹنگ مشین کو مسترد کرکے حکومت کا قبل از وقت دھاندلی کا منصوبہ بے نقاب کیا ہے۔ الیکشن کمیشن پر چڑھائی سیاسی تاریخ میں انوکھا واقع ہے ۔حکومت دھاندلی کے ذریعے انجینئرڈ انتخابات کے لیے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو زبردستی الیکشن کمیشن پر مسلط کردینا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہے۔ حکومت انتخابی اصلاحات کے لیے قومی اتفاق رائے پیدا کرے، الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر سیاست نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے مجموعی پیکیج پر اتفاق ہو جائے تو الیکٹرانک ووٹنگ مشین ا ور بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا آسان ہو جائے گا۔ جو حکومت آئینی ذمہ داری پورا کرتے ہوئے بااختیار بلدیاتی نظام نہ دے، خود اپنی پارٹی میں پارٹی دستور کے مطابق انتخاب نہ کرائے، اْس سے شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کی کیسے توقع کی جاسکتی ہے۔