سڑکوں کی تعمیر میں بھی کروڑوں کی کرپشن ہورہی ہے،جماعت اسلامی

175

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) نائب امراء جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد ڈاکٹر سیف الرحمن اور عبدالقیوم شیخ نے کہا ہے کہ حالی روڈ میں رینجرز ہیڈ کواٹر سے کلو چوک تک سڑک کی تعمیر میں کروڑوں روپے کے فنڈز کرپشن کی نذر ہو رہے ہیں عو ا م کے ٹیکسوں کے پیسوں کو بے دردی سے خورد برد کیا جا رہا ہے، روڈ کی تعمیر میں کھلم کھلا ناقص میٹریل استعمال ہو رہا ہے لیکن انتظامیہ نے آنکھیں بند کر رکھی ہیںانھیں کچھ نظر نہیں آ رہا۔ انہوں نے کہا کہ ناقص میٹریل کی وجہ سے سڑک جلدہی ٹوٹ جائے گی اور یہاں گڑھے پڑ جائیں گے جو مدتوں تک ایسے ہی پڑے ر ہیں گے اور راستہ پہلے سے بھی زیادہ خراب ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حالی روڈ کے دورے کے دوران اہل علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد ظہیر الدین شیخ ، زون حالی روڈ کے امیر محمد اسحاق خان و علاقہ مکین بھی موجود تھے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹھیکیدار روڈ کو لیول کیے بغیرکام کر رہے ہیں،غیر معیاری میٹریل کا استعمال ایک ہی دن میں انتظامیہ کا پول کھول دے گا۔انہوں نے اعلیٰ حکام سے شفاف تحقیقات اور ٹھیکداروںکیخلاف کا رروائی کا مطالبہ کیا ہے۔