زبردستی ویکسین لگوانے کیخلاف درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ

147

اسلام آباد(آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس جسٹس اطہرمن اللہ کی عدالت نے زبردستی ویکسین لگوانے کے خلاف درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔گزشتہ روز سماعت کے دوران درخواست گزار وکیل شاہینہ شہاب الدین عدالت میںپیش ہوئیں۔عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے خود ویکسین لگوائی؟جس پر خاتون وکیل نے بتایاکہ میں نے ویکسین نہیں لگوائی ۔ عدالت نے کہاکہ تو پھر آپ یہاں کورٹ کیسے آسکتی ہیں؟ بار اور بینچ کا فیصلہ ہے بغیر ویکسی نیشن یہاں کوئی نہیں آئے گا۔ عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے استفسار کیاکہ اب انہوں نے ویکسین نہیں لگوائی کورٹ تو نہیں آ سکتیں؟جس پرڈپٹی اٹارنی جنرل سید طیب شاہ نے کہاکہ جی اب یہ وڈیو لنک کے ذریعے کورٹ کے سامنے پیش ہو سکتی ہیں۔اس موقع پر عدالت نے خاتون وکیل شاہینہ شہاب الدین کو ویکسی نیشن کرانے کی ہدایت کی ،جس پر خاتون وکیل نے کہاکہ ویکسین کے خلاف نہیں بلکہ زبردستی ویکسین کے خلاف ہوں، آپ نے بھی تو ویکسین کسی کے کہنے پر لگوائی ہو گی؟چیف جسٹس نے کہاکہ دنیا کے سائنسدان اس کو دیکھ رہے ہیں، آپ ویکسی نیشن کے بغیر ٹریول کیسے کر سکتی ہیں،22 کروڑ لوگوں کے بھی حقوق ہیں،آپ کی وجہ سے دیگر کو تو متاثر نہیں کر سکتے،ڈونلڈ ٹرمپ بھی ویکسی نیشن کے خلاف تھا،آپ ویکسین نہ لگا کورونا وباپھیلانے میں تعاون کر رہی ہیں،اب جو جو ویکسی نیشن نہیں کررہا وہ تو پھر ڈونلڈ ٹرمپ کا پیروکار ہوا۔عدالت نے وکیل کے دلائل کے بعد درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔