پاکستان سیاحت ،تجارت کھیلوں کیلئے محفوظ ملک ہے،آرمی چیف

129

اسلام آباد( آن لائن )پاکستان میں یونان کے سفیر اینڈریاس پاپاستروو نے منگل کو جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ۔ترجمان افواج پاکستان کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ، علاقائی سلامتی کی صورتحال خصوصاً افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا ۔ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون سے متعلق امور پر بھی بات چیت ہوئی ۔ آرمی چیف نے کہا کہ علاقائی امن کے لیے پاکستان اپنے عالمی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کے حوالے سے اپنے عزم پر قائم ہے، افغان عوام کے لیے ایک مستحکم اور خوشحال مستقبل کی بھی یقین دہانی کرواتے ہیں ۔ جنرل قمر باجوہ نے اس عزم کا اعادہ کیاکہ پاکستان عالمی سیاحت ، کھیلوں اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے ہرلحاظ سے ایک محفوظ ملک ہے اورباہمی دلچسپی سے متعلق تمام شعبہ جات میں صحت مندانہ تبادلوں کے حوالے سے بھی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ یونانی سفیر نے افغانستان کی موجودہ صورتحال میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور کہا کہ غیر ملکیوں کے انخلا کی کامیابی میں بھی پاکستان کا کردار قابل ستائش تھا، علاقائی استحکام کے لیے بھی پاکستان کی کوششوں قابل تعریف ہیں ۔