نیوزی لینڈ سے زرتلافی کی وصولی کیلیے پاکستان آئی سی سی کا دروازہ کھٹکھٹائیگا

171

لاہور(آئی این پی)نیوزی لینڈ سے زر تلافی کی وصولی کے لیے پاکستان آئی سی سی کا دروازہ کھٹکھٹائے گا۔منگل کوورچوئل پریس کانفرنس میں چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے کہا کہ کیس آئی سی سی کی سب کمیٹی میں لے کر جائیں گے، یہ اچھی خاصی رقم ہوتی ہے، کیویز کو بھی اندازہ ہے کہ انہوں نے پاکستان کے ساتھ زیادتی کی ہے، زر تلافی کے لیے مطلوبہ طریقہ کار اختیار کریں گے،ایسی کون سی تھریٹ تھی کہ وہ ایک دم بھاگ گئے، انہیں بتانا پڑیگا، ہمارے جذبات کی قدر نہیں کی گئی ہے ، بہرحال یہ یقین دلاتا ہوں کہ اپنے حق کے لیے لڑیں گے،روایتی چیئرمین نہیں، کھل کر اننگز کھیلنے والوں میں سے ہوں۔رمیز راجا نے واضح اعلان کیا کہ اپنی کوئی بھی ہوم سیریز کھیلنے اب نیوٹرل وینیو پر نہیں جائیں گے۔ رمیز راجا نے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے انکار کے بعد ایشیائی بلاک بنانیکا بھی عندیہ دیا اور کہا کہ ہم کسی میچ کا بائیکاٹ نہیں کریں گے، یہ جاننا ہے کہ ہمارے ساتھ ایسا کیوں کیا گیا؟ اپنی خودداری اور کرکٹ کے لیے سخت فیصلے کرنا ہوں گے، ہمارے لیے اب تک سبق ہی سبق ہے، پتا چل رہا ہے کہ کون دوست ہے، کون ساتھ کھڑا ہے، یہ سب ہمارے ہاں ایک مائنڈ سیٹ کے ساتھ آتے ہیں، ہمیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار نہیں ہونا، ہمیں ایک ساتھ آگے بڑھنا ہے، اب یہ نہیں ہو گا کہ وہ ہم سے اپنا مطلب نکالیں اور چلے جائیں، نیوزی لینڈ کو تھریٹ تھا تو شیئر کرتے، اب دبئی پہنچ گئے ہیں تو اب بتا دیں۔