سوڈان میں فوجی بغاوت کی نئی کوشش ناکام

292
سوڈان: باغی فوجیوں نے سڑکوں پر قبضہ کیا ہوا ہے

خرطوم (انٹرنیشنل ڈیسک) سوڈان میں فوجی بغاوت کی نئی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ خبررساں اداروں کے مطابق سوڈانی فوج اور دیگر سیکورٹی اداروں نے منگل کی صبح حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کی، جس کے بعد اس بغاوت میں ملوث تمام افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ 2019ء میں معزول صدر عمرالبشیر کا تختہ الٹنے کے بعد سے ملک کا نظم ونسق سنبھالنے والی عوامی وفوجی کونسل کودرپیش بڑے چیلنج سے بچالیا گیا۔ سوڈان کی عبوری حکمران کونسل کے ایک عوامی رکن نے برطانوی خبررساں ایجنسی رائٹرزکو بتایا کہ حکومت کے خلاف راتوں رات بغاوت کی کوشش کوناکام بنادیا گیا ہے اوراس کے بعد صورت حال قابو میں ہے۔ ترجمان محمد الفقیہ سلیمان نے بتایا کہ مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ خودمختارکونسل کے سربراہ جنرل عبدالفتاح البرہان کے میڈیا مشیر نے سرکاری خبررساں ایجنسی سونا کو بتایا کہ فوج نے بغاوت کی کوشش کو شکست دے دی ہے اور صورت حال مکمل طورپرقابو میں ہے۔ ایک سرکاری ذریعے نے نام ظاہرنہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ بغاوت کے دوران میں دارالحکومت خرطوم سے دریائے نیل کے اس پار واقع جڑواں شہرام درمان میں سرکاری ریڈیو کا کنٹرول سنبھالنے کی کوشش کی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اس میں ملوث افراد کی محدود تعداد پرقابو پانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔البتہ سونا کی رپورٹ کے مطابق اس ناکام بغاوت میں ملوث تمام افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ کونسل کے وفادار فوجی یونٹوں نے منگل کوعلی الصبح خرطوم کوام درمان سے ملانے والے دریائے نیل کے پل کو بند کردیا تھا اور اس پر ٹینک کھڑے کردیے تھے۔ عبوری حکام کے لیے یہ پہلا بڑا چیلنج نہیں تھا۔وہ اس سے پہلے بھی معزول صدرعمرحسن البشیر کے وفاداردھڑوں کی جانب سے بغاوت کی سابقہ کئی کوششوں کو ناکام بناچکے ہیں یا انہوں نے ان بغاوتوں کا بروقت سراغ لگا لیا تھا۔