جرمنی کا آبدوز معاملے پر یورپ سے جاگنے کا مطالبہ

66

برسلز (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا، برطانیہ اور آسٹریلیا کے درمیان سہ فریقی دفاعی معاہدے کے نتیجے میں فرانس کی طرف سے آسٹریلیا کو آبدوز فراہم کرنے کا معاہدہ ختم ہوچکا ہے۔ اس اقدام کو جرمن وزیر مائیکل روٹھ نے یورپ کے لیے ایک ویک اپ کال قرار دیا ہے۔ انہوں نے برسلز میں وزرا کے اجلاس کے موقع پر کہا کہ امریکا اور آسٹریلیا کے اس فیصلے کے بعد یورپ کو اپنے اتحادیوں کے ساتھ آزادانہ طور پر کام کرنے کی صلاحیت کو بڑھانا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپ کو سوچنا ہوگا کہ وہ خارجہ اور سیکورٹی پالیسی سے متعلق مسائل پر اپنی خودمختاری کو کیسے مضبوط بنا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ یورپی یونین کی جانب سے 29 ستمبر کو منعقد ہونے والی ای یو امریکا ٹریڈ اور ٹیکنالوجی کونسل کی تیاری کے لیے مذاکرات کو احتجاجاً ملتوی کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب یورپی یونین کی سربراہ نے کہا ہے کہ امریکا، برطانیہ اور آسٹریلیا نے فرانس کے ساتھ پہلے سے موجود معاہدے کے باوجود نیا سیکورٹی اتحاد تشکیل دیا اورآبدوزوں کے نئے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔اس تمام معاملے میں فرانس کے ساتھ جو سلوک کیا گیا، وہ بالکل ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے امریکی سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے ایک رکن ملک کے ساتھ ایسا سلوک کیا گیا ہے،جو ہرگزقابل قبول نہیں۔