چیف آف نیول اسٹاف ، ہاکی ٹورنامنٹ ، نیوی کا فاتحانہ آغاز

152

کراچی (اسٹاف رپورٹر) تیسرا چیف آف نیول اسٹاف آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں شروع ہوگیا، رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں گورنر سندھ عمران اسماعیل مہمان خصوصی تھے، شریک ٹیموں کے کھلاڑیوں نے مارچ پاسٹ کیا اور سلامی دی،افتتاحی میچ پاکستان نیوی اور پنجاب کے درمیان کھیلا گیا، نیوی نے آسان مقابلے کے بعد پنجاب کو 3 گول سے شکست دے دی، مین آف دی میچ سفیان نے 2 مرتبہ گیند کو جال میں پہنچایا جبکہ محسن صابر نے ایک گول کیا، قبل ازیں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کو ہاکی خدمات پر ناز ہے، ملک میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، ٹوکیو اولمپکس میں بہترین کارکردگی سب کے سامنے ہے، ہونہار کھلاڑیوں کو مواقع دینے کی ضرورت ہے، کھیلوں کی ترقی میں پاکستان نیوی اپنا قومی کرداربخوبی انجام دے رہی ہے،قبل ازیں کمانڈر کراچی وائس ایڈ مرل اویس بلگرامی نے خیرمقدمی کلمات ادا کیے، کموڈور کاشف منیر نے کلمات استقبالیہ پیش کیے جبکہ سابق قومی کپتان اولمپین اصلاح الدین نے بھی اظہارخیال کیا، تقریب میں پی ایچ ایف کے سیکریٹری اولمپئین آصف باجوہ، سابق قومی کپتان اولمپئین سمیع اللہ خان، اولمپئین حنیف خان، اولمپئین ناصرعلی سمیت دیگر اولمپئینز، سابق انٹر نیشنل کھلاڑی بھی موجود تھے، ٹورنامنٹ میں8 ٹیمیں شرکت کررہی ہیں، این بی پی اعزاز کا دفاع کرے گی، فائنل28 ستمبر کو کھیلا جائے گا، 42 لاکھ روپے انعامی رقم کے ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو ٹرافی کے ساتھ 17 لاکھ روپے انعام ملے گا، رنراپ کو13 لاکھ روپے دیے جائیں گے جبکہ تیسری پوزیشن پر 10 لاکھ روپے انعام ملے گا، دوسرے روز بدھ کو 3 میچز کھیلے جائیں گے، پی اے ایف کا پورٹ قاسم اتھارٹی ، این بی پی کا آرمی اور واپڈا کا ایم پی سی ایل سے مقابلہ ہوگا۔