قومی ٹی ٹوئنٹی کا میلہ کل سے راولپنڈی میں سجے گا

235

لاہور(جسارت نیوز)پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی ستارے 23 ستمبر سے راولپنڈی میں شروع ہونے والے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں جلوہ گر ہوں گے ، ایونٹ 13 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ ٹورنامنٹ قومی کھلاڑیوں کو آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کی تیاریوں میں معاونت فراہم کرے گا۔میگا ایونٹ کے لیے اعلان کردہ15 رکنی قومی اسکواڈ سمیت تینوں ریزرو کھلاڑی اس ٹورنامنٹ میں اپنی اپنی کرکٹ ایسوسی ایشنز کی نمائندگی کریں گے۔پرجوش تماشائیوں کے لیے ایونٹ کا پہلا مرحلہ راولپنڈی اور دوسرا لاہور میں کھیلا جائے گا۔ 23ستمبر سے راولپنڈی میں شروع ہونے والا مرحلہ 3 اکتوبر تک جاری رہے گا، جہاں کْل 18 میچز کھیلے جائیں گے۔ایونٹ کا دوسرا مرحلہ 6 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگا، جہاں فائنل سمیت کْل 15 میچز کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کے دونوں فائنلز 12 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم ایونٹ میں سینٹرل پنجاب کی قیادت کریں گے۔ نائب کپتان قومی کرکٹ ٹیم شاداب خان ٹورنامنٹ میں ناردرن کی کپتانی کے فرائض انجام دیں گے۔اوپنر امام الحق بلوچستان جبکہ وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد ٹورنامنٹ میں سندھ کی قیادت کریں گے۔قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان ایونٹ کی دفاعی چیمپئن خیبرپختونخوا کی قیادت کریں گے۔ سدرن پنجاب کی کپتانی صہیب مقصود کے سپرد کی گئی ہے۔ ۔ شیڈول کے مطابق (دن کا پہلا میچ سہ پہر 3 جبکہ دوسرا شام 7:30 بجے شروع ہوگا)۔پہلے روز23 ستمبر کو بلوچستان بمقابلہ ناردرن جبکہ خیبر پختونخوابمقابلہ سینٹرل پنجاب سے ہو گا۔