پی سی بی اور ٹرانس گروپ کا ڈومیسٹک سیزن کیلیے معاہدہ

122

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 22-2021 کے لیے ٹرانس گروپ سے معاہدہ کرلیا ہے۔ٹرانس گروپ انٹرنیشنل گزشتہ دو دہائیوں سے پی سی بی کے اشتراک سے ڈومیسٹک کرکٹ، انٹرنیشنل کرکٹ اور ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے ساتھ منسلک ہے۔ اب پورے سیزن کے لیے گراؤنڈ اور اسپانسرشپ کے حقوق ٹرانس گروپ انٹرنیشنل کے پاس ہوں گے۔ سیزن کا آغاز 23 ستمبر سے راولپنڈی میں شروع ہونے والے نیشنل ٹی ٹوئنٹی سے ہوگا۔ندیم خان کا کہنا ہے کہ گزشتہ کچھ سالوں سے ٹرانس گروپ ہمارا اہم شراکت دار ہے اور ہم اس سیزن کے لیے نئی پارٹنرشپ پر بہت مسرور ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹرانس گروپ ایک شراکت دار کی حیثیت سے ڈومیسٹک سیزن کیلیے پرجوش منصوبے تشکیل دے گا، جوایونٹ کے شرکاء اور تماشائیوں کو محظوظ کریں گے۔پی سی بی کی حیثیت سے ہم اس پارٹنرشپ سے بھرپورفائدے اٹھانے کے منتظر ہیں۔راؤ عمر ہاشم خان کا کہنا ہے کہ ٹرانس گروپ ہمیشہ پاکستان کے ڈومیسٹک کرکٹ کی طاقت پر یقین رکھتا ہے۔پی سی بی کا نیا ڈومیسٹک نظام اب تیسرے سال میں داخل ہورہا ہے اور ہم اس نظام کو تقویت بخشنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔