بڑی مارکیٹوں تک رسائی کیلیے آٹو پارٹس کے معیار کو بلند کرنا ہوگا ، مشہود علی خان

162

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی آٹو پارٹس مینو فیکچررز نے آٹو پارٹس کی تیاری،اعلیٰ معیارات ،وفود کے تبادلوں اور ٹیکنالوجی منتقلی کے شعبوں میںباہمی تعاون کے لیے میکسیکو کے آٹو پارٹس مینو فیکچررز کے ساتھ باہمی مفاہمت کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹو موٹیو پارٹس اینڈ ایسیسریز (پاپام) اور میکسیکن آٹو پارٹس ایسوسی ایشن (انا)کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے مطابق دونوں ممالک کے آٹو پارٹس مینو فیکچررز ایک دوسرے سے آٹو پارٹس تیار کرنے والی کمپنیوںسے متعلق معلومات کا تبادلہ کریں گے اور آٹو پارٹس کے اعلیٰ معیار اور ٹیکنالوجی کے شعبے میںایک دوسرے سے تعاون کریں گے ۔پاکستان کی جانب سے پاپام کے سابق چیئرمین مشہود علی خان نے معاہدے پر دستخط کیے جبکہ اس موقع پر میکسیکو میںپاکستان کی ٹریڈ و انوسٹمنٹ قونصلر شبانہ عزیز بھی موجود تھیں،اس موقع پر مشہود علی خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے آٹو پارٹس مینو فیکچررز کو دنیا کی بڑی مارکیٹیوںمیںرسائی کے لیے آٹو پارٹس کے معیار کو بلند کرنا ہوگا اور اس ضمن میں دنیا کے معروف آٹو پارٹس مینو فیکچررز کے ساتھ باہمی تعاون کو فروغ دینا ہوگا،انہوںنے امید ظاہر کی کہ دنیا میں آٹو سیکٹر کے شعبے میںنمایاں ممالک کی دیگر ایسوسی ایشنز کے ساتھ بھی مستقبل میںایسے مزید معاہدے کیے جائیں گے تا کہ پاکستانی آٹو مینو فیکچررز کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرایا جاسکے۔