نان فائلرز کے بجلی بلوں پر ٹیکس کا فیصلہ درست ہے

173

اسلام آباد (کامرس ڈیسک)تاجر رہنما اوراسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے گوشوارے جمع نہ کروانے والوںکے انڈسٹریل اور کمرشل بلوں پر نیا ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ درست ہے جس کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ اس فیصلے سے ٹیکس نیٹ وسیع ہو گا اور حکومت کی آمدنی میں اضافہ ہو گا۔ سیاسی جماعتیں سستی شہرت کے لیے اس فیصلے کی مخالفت کر رہی ہیں جبکہ کاروباری برادری کی اکثریت منافع کمانا چاہتی ہے مگر ٹیکس ادا کرنا نہیں چاہتی جس کی وجہ سے ملک قرضوں کی محتاج رہتا ہے۔ شاہد رشید بٹ نے ایک بیان میں کہا کہ گوشوارے جمع نہ کرنے والے کاروبار پر پانچ فیصد سے سترہ فیصد تک ٹیکس عائد کرنا ضروری ہو گیا تھا جو اچھے فیصلوں میں سے ایک ہے جس سے عوام پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ انھوں نے کہا کہ تاجر پوائنٹ آف سیل کی مخالفت بھی اسی لیے کر رہے ہیں کہ وہ اندھا دھند منافع کمانا چاہتے ہیں مگر ٹیکس دینا نہیں چاہتے۔ حکومت کسی صورت ان کے دبائو میں آ کر فیصلہ واپس نہ لے۔