الخدمت : ایف بی ایریا بلاک 17 اور 18 میں مچھر مار اسپرے مہم

140

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی علاقہ سمن آباد یونین کمیٹی 27نے الخدمت کے تعاون سے فیڈرل بی ایریا بلاک 17اور18میں مچھر مار اسپرے مہم کا آغاز کردیا ہے،چیئرمین یوسی27 فیصل شیخ اور وائس چیئرمین ذہیر مصطفی کی نگرانی میں بلاک17,13اور18کے گھروں، فلیٹس،گلیوں،مساجد،امام بارگاہوں، ڈسپنسری، کلینکس اور بازاروں سمیت 200 سے زائد مقامات پر اسپرے کیا گیا۔اس موقع پر جماعت اسلامی کے چیئرمین یوسی 27فیصل شیخ نے عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ، سندھ حکومت اورایڈمنسٹریٹر کراچی شہرکے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ میں مصروف ہیں اور ملک کے میگا سٹی کراچی کواس کے بنیادی حقوق سے بھی محروم کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مختلف علاقوں میں سیوریج کے بہتے پانی نے سڑکوں کو تباہ کردیا ہے، کئی ماہ گزرنے کے باوجود بھی نہ ہی سیوریج سسٹم کوٹھیک کیا جارہا ہے اور نہ ہی پانی کی فراہمی کو بہتر بنایا جارہا ہے، عوام اپنی مدد آپ کے تحت گٹروں کی صفائی کروارہے ہیں اور پانی کی قلت کو پورا کرنے کے لیے من مانے نرخوں پر واٹر ٹینکر منگوانے پر مجبور ہیں۔ واٹربورڈ کی نااہلی اورناقص کارکردگی نے پوری یوسی 27کو مسائل کا گڑھ بنا دیا ہے، گٹروں سے بہتا پانی علاقے میں گندگی،تعفن اور مچھروں کی افزائش کا باعث بن رہا ہے۔