اسکولوں میں داخلے کی مہم قومی سطح پرچلائی جائے، غلام الثقلین

124

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل محکمہ اطلاعات حکومت سندھ اور ریفا ر م سپو ر ٹ یونٹ آؤٹ آف اسکول چلڈرن کے بارے میں بنائی گئی کمیونی کیشن کمیٹی کے چیئرمین غلام الثقلین نے کہا ہے کہ اسکول نہ جانے والے بچوں کا اسکول میں داخلہ ہم سب کی اجتماعی ذمے داری ہے جس کے لیے مشترکہ کاوشوں اور اقدا ما ت کی ضرورت ہے۔کمیٹی کے افتتاحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے صوبے کے مختلف اضلاع میں اسکول نہ جانے والے بچوں کے مصدقہ اعداد و شمار کو اکٹھا کرنا اور وہ وجوہات جاننا ضروری ہے جن کی بنا پر وہ اسکول نہیں جاتے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کا اسکول میں داخلہ ایک قومی مہم کے طور پر چلانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی اس مہم میں شمولیت اشد ضروری ہے۔ انہوں نے اس ضمن میں کیبل ٹی وی پر ٹکرز اور اسٹیک ہولڈرز کی ٹاک شوز میں شرکت کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ڈائریکٹر پریس انفارمیشن محمد سلیم خان نے کہا کہ ریفا رم سپورٹ یونٹ کا قیا م ایک ایسا اقدام ہے جس کی تشہیر کے لیے ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات کے ڈویژن اور اضلاع کی سطح پر موجود دفا تر اس ضمن میں محکمہ تعلیم کے افسرا ن کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے تاکہ اس قومی مہم کے نتائج کو موثر بنایا جا سکے۔اجلاس میں موجود محکمہ تعلیم ، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور سماجی بہبود کی غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں نے بچوں کی انرولمنٹ بہتر بنانے کے ضمن میں مختلف تجاویز دیں۔انہو ں نے مختلف کمیٹیو ں کے ما بین بھر پو ر را بطے کی ضرورت پر زور دیا۔