وزیراعظم نے تابش گوہر کا استعفامنظور کرلیا

132

اسلام آباد(صباح نیوز+اے پی پی)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے بجلی و پیٹر ولیم تابش گوہر نے استعفا دے دیا۔وزیراعظم عمران خان نے تابش گوہر کا استعفا منظور کرلیا۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان تابش گوہر کی کارکردگی سے مطمئن نہیں تھے اور ان سے گزشتہ روز استعفا طلب کیا تھا۔ذرائع نے بتایا کہ وزیر توانائی حماد اظہر اور تابش گوہر کے درمیان انتظامی امور میں شدید اختلافات تھے اور حماد ظاہر نے گزشتہ روز وزیر اعظم سے ملاقات کر کے اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا، تابش گوہر نے حماد اظہر کی مشاورت کے بغیر پی ایس او، فیسکو اور مختلف پاور پلانٹس میں منظور نظر افسران تعینات کیے جس پر حماد اظہر کو شدید اختلافات تھے اور انہوں نے وزیر اعظم کو اس حوالے سے حقائق سے آگاہ کیا ،حماد اظہر نے وزیر اعظم پر واضح کیا کہ تابش گوہر کے ساتھ مزید کام نہیں کرسکتے جس پر عمران خان نے تابش گوہر سے رابطہ کر کے ان سے استعفا طلب کیا۔علاوہ ازیں تابش گوہر نے ٹوئٹ میں کہا کہ ملک کی خدمت کو اپنے لیے اعزاز سمجھا، توانائی کے شعبے میں کئی چیلنجز ہیں، حماد اظہر کی قیادت میں وزارت توانائی کی ٹیم ڈھانچہ جاتی اصلاحات کو جاری رکھے گی۔