ایف بی آر کی ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کی تردید

224

اسلام آباد(اے پی پی)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)نے کہاہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرانے کی تاریخ میں توسیع سے متعلق خبریں بے بنیاد اورحقائق کے منافی ہیں۔ منگل کو ایک بیان میں ترجمان ایف بی آر نے بعض اخبارات میں انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرانے کی تاریخ میں توسیع کے حوالے سے شائع کردہ خبروں کی پرزور تردیدکی اور وضاحت میں کہا کہ ایف بی آر ہیڈ کوارٹر میں اس ضمن میں کوئی تجویززیر غور نہیں۔انہوں نے بتایا کہ ملکی سطح پر گوشوارے جمع کرانے کے حوالے سے ایک مربوط اشتہاری مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے جو30ستمبر تک جاری رہے گی۔ الیکٹرونک ،پرنٹ اور سوشل میڈیا پر بھرپور آگاہی مہم جاری ہے جس کے بہت حوصلہ افزا نتائج سامنے آرہے ہیں اور لوگ بڑھ چڑھ کر اپنے سالانہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرارہے ہیں۔انہوں نے ٹیکس گزاروں سے اپیل کی کہ وہ حتمی تاریخ30ستمبر 2021ء سے قبل اپنے سالانہ انکم ٹیکس گوشوارے داخل کر ائیں اور بے بنیاد اور گمراہ کن خبروں پر کان نہ دھریں۔