بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان،اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں بھی اضافہ

225

اسلام آباد(آن لائن) بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان۔اشیائے خور ونوش کی قیمتوں میں بھی اضافہ۔تفصیلات کے مطابق سینٹرل پاور پرچیز ایجنسی (سی سی پی اے) نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو بجلی 2 روپے 7 پیسے مہنگی کرنے کی سمری بھجوادی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سی سی پی اے نے نیپرا کو بجلی کی قیمت میں 2 روپے 7 پیسے اضافے کی سمری بھجوائی ہے، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا جارہا ہے۔ سمری کی منظوری کی صورت میں صارفین پر25 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا۔گزشتہ ماہ 15 ارب یونٹ بجلی کی لاگت 106 ارب روپے رہی جب کہ 20 پیسے فی یونٹ لائن لاسز کی نذرہوگئے، حکومت نے گزشتہ ماہ ڈیزل پرتاریخ کی مہنگی ترین بجلی پیدا کی، ڈیزل پر22 روپے 62 پیسے فی یونٹ جبکہ فرنس آئل سے بجلی کی پیداواری لاگت 18 روپے 24 پیسے فی یونٹ رہی۔ اسی طرح ایل این جی پربھی 13 روپے 44 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی گئی۔دریں اثناء یوٹیلیٹی اسٹورز پر ایک بار پھر مختلف برانڈز کی اشیا مہنگی کر دی گئیں، نئی قیمتوں کا اطلاق بھی ہو گیا۔یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی طرف سے مختلف برانڈز کی مختلف اشیا کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق کپڑے دھونے والے صابن کی سوئیوں کی فی کلو قیمت میں 22روپے تک اضافہ کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ نہانے والے صابن کی قیمت 10 روپے تک بڑھا دی گئی ہے، ٹشو ٹائلٹ رول کی قیمت میں 3 روپے، کچن ٹشو رول کی قیمت میں 4 روپے، ٹشو پیپر کے ڈبے کی قیمت میں 13 روپے تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق 550 ملی لیٹر ٹائلٹ کلینر کی قیمت میں 7 روپے تک، 500 ملی لیٹر گلاس کلینر کی قیمت میں 12 روپے، 1 لیٹر فنائل کی بوتل میں 6 روپے، 200 گرام کھانے کی کریم کی قیمت میں 10 روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔یوٹیلیٹی اسٹورز حکام کے مطابق مختلف برانڈز نے قیمتوں میں اضافہ کیا ہے اور جس نرخ پر خریداری کی جاتی ہے اسی حساب سے ان کی قیمت مقرر کی جاتی ہے۔حکام کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز نے اپنے کسی برانڈ کی قیمت نہیں بڑھائی ہے۔