عمران خان کی امن کوششوں کو مداخلت نہ سمجھا جائے،طالبان،عبوری کابینہ میں 10 نئے ناموں کا اعلان

302

کابل(صباح نیوز) طالبان حکومت کے نائب وزیراطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کر رہا،قیام امن کے لیے عمران خان کی کوششیں قابل ستائش ہیں ، اسے مداخلت نہ سمجھا جائے۔ کابل میں پریس کانفرنس
کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، قطر، چین اور دیگر ممالک ہم ساتھ رابطے میں ہیں،اب کی امن کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ عالمی برادری نئی افغان حکومت کو تسلیم کرے، عبوری کابینہ میں ٹیکنوکریٹ اور دیگر اقوام سے افراد کو شامل کیا گیا ہے، کابینہ کی تشکیل ابھی حتمی نہیں، مزید افراد شامل ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان حکومت کو تسلیم کیے بغیر حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے ہم پر تنقید کی جارہی ہے، یہ یک طرفہ نقطہ نظر ہے، تنقید کرنے والوں کے لیے اچھا ہو گا کہ وہ ہمارے ساتھ ذمے دارانہ طور پر برتاؤ کریں۔ نائب وزیر اطلاعات نے کہا کہ حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں، ننگر ہار دھماکوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا،دہشت گردی کے واقعات پر جلد قابو پالیں گے،داعش تنظیم کی صورت میں افغانستان میں موجود نہیں۔ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ افغانستان میں مشکلات کے باوجود جلد استحکام پیدا ہو جائے گا، جامع حکومت کی تشکیل کی جانب بڑھ رہے ہیں، بچیوں کی تعلیم کے حصول پر کوئی اعتراض نہیں، گائیڈ لائنز جلد سامنے آجائیں گے۔ان کا کہنا تھاکہ ٹرک سے پاکستانی پرچم اتارنے میں ملوث عناصر کو سخت سزا دی جائے گی، اس واقعے پر پوری طالبان قیادت غصے میں ہے لہٰذا اس میں ملوث افراد کو جلد ہی گرفتار کیا جائے گا۔علاوہ ازیں ذبیح اللہ مجاہد نے افغانستان کی عبوری کابینہ میں توسیع کا اعلان بھی کیا۔ پنجشیر کے تاجر حاجی نورالدین عزیزی کو عبوری وزیر تجارت ، بغلان کے تاجر حاجی محمد بشیر کو نائب وزیر تجارت اول، سرپل کے تاجر حاجی محمد عظیم سلطان زادہ کو نائب وزیر تجارت دوئم مقرر کیا گیا ہے، ڈاکٹر قلندر عباد کو عبوری وزیر صحت تعینات کیا گیا ہے، عبدالباری عمر اور محمد حسن غیاثی نائب وزیر ہوں گے، ملا محمد ابراہیم کو نائب وزیر داخلہ جبکہ ملا عبدالقیوم ذاکر کو نائب وزیر دفاع مقرر کیا گیا ہے۔انجینئر مجیب الرحمان عمر نائب وزیر برائے بجلی وپانی مقرر،حاجی گل محمد کو نائب وزیر برائے سرحدی امور تعینات کیا گیا ہے، کمانڈر اسلاخروٹی کو نائب وزیر برائے مہاجرین تعینات کیا گیاہے، ڈاکٹر لطف اللہ خیر خواہ کو وزارت اعلیٰ تعلیم کا معاون مقررکیا گیا ہے، انجینئر نجیب اللہ وزیر برائے ایٹمی توانائی ہوں گے، حاجی غلام غوث قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے کے نائب سربراہ ہوں گے جبکہ انجینئر وزیر محمد مطمئن افغان اولمپک کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔