وزیر اعظم عمران خان سے قومی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اسکواڈ کی ملاقات

323

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے ٹی ٹوئنٹی کیلئے نامزد قومی کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ نے ملاقات کی ہے، ملاقات میں چیئر مین پی سی بی رمیز راجہ بھی موجود تھے۔

وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات تقریباً ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی، جس میں رواں سال اکتوبرنومبر میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پر گفتگو کی گئی۔ وزیر اعظم نے میگا ایونٹ کے لئے قومی کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کی۔

ملاقات میں کرکٹ کی موجودہ صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم نے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیموں کے دورے منسوخ ہونے کے بعد ٹیم کا مورال بھی بلند کیا۔ ملاقات کے بعد کھلاڑیوں کے چہرے پر مسکراہٹ اور ان کا مورال بلند نظر آیا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ بھی شامل تھے جنہوں نے نیوزی لینڈ اور برطانیہ کے دورہ پاکستان کی منسوخی کے بعد بورڈ سربراہان سے بات چیت کے بارے میں وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔

بعد ازاں پی ٹی آئی سینیٹر فیصل جاوید اور وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو سب سے پہلے اچھا انسان بننے کی نصیحت کی اور ان سے کہا کہ کہا پیسے کے بت کو توڑنا ہے کیوں کہ رزق اللہ دیتا ہے۔

وزیراعظم نے کھلاڑیوں سے کہا کہ کرکٹ اپنی ذات کے لیے نہیں بلکہ ملک کے لیے کھیلنی ہے اور عزت و ذلت اللہ پر چھوڑ کر گراؤنڈ میں اچھا پرفارم کریں جب کہ مشکل وقت میں ہارنے سے نہیں گھبرانا۔

وزیراعظم عمران خان نے ٹیم میں اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیم کو فیلڈنگ میں بہتری کی بہت ضرورت ہے جب کہ وزیراعظم نے باؤلرز کو ٹپس دیں کہ صرف اسکور نہیں بچانا بلکہ وکٹیں بھی لینی ہیں۔