پاک فضائیہ نے انٹر سروسز گالف چمپئن شپ جیت لی

118

 

کراچی(اسٹاف رپورٹر) انٹر سروسز گالف چمپئن شپ 2021 پاکستان ائرفورس اسکائی ویو گالف اینڈ کنٹری کلب، لاہور میں منعقد ہوئی۔ ائر وائس مارشل ظفر اسلم، ائر آفیسر کمانڈنگ سینٹرل ائر کمانڈ، چمپئن شپ کی تقریب تقسیم انعامات کے مہمانِ خصوصی تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے، کوویڈ وبا کے حالات کے باوجود اس ایونٹ کو کامیاب بنانے پر تمام شرکاء کا شکریہ اد ا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ٹورنامنٹ اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ گالف ایک ایسا کھیل ہے جو کہ تینوں مسلح افواج کے کھلاڑیوں کو قریب لا کر صحتمند کھیل کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کا باعث ہے۔ مہمانِ خصوصی نے جیتنے والوں کھلاڑیوں کو ٹرافی اور انعامات تقسیم کیے۔ انٹر سروسز گالف چمپئن شپ کی پروفیشنل ٹرافی پاک فضائیہ نے جیتی جو کہ ائر وائس مارشل اکرام نور نے حاصل کی جبکہ پاک آرمی نے گالف کی ایمیچئیر ٹرافی حاصل کی۔ گیسٹ کیٹگری میں ریئر ایڈمرل طارق علی، بریگیڈیئر طاہر اور ریئر ایڈمرل عبدالباسط بٹ نے بالترتیب پہلا، دوسرا اور تیسرا نیٹ انعام حاصل کیا جبکہ پہلے، دوسرے اور تیسرے گراس انعام کے حقدار ائیر کموڈور طارق عثمان عباس، کموڈور ساجد حسین اور ائیر کموڈور عمران مدد ترمذی قرار پائے۔ سب سے طویل شاٹ کا انعام کموڈور وجیہ الحسن نے حاصل کیا۔ جبکہ پن کے نزدیک ترین شاٹ کا انعام ایئر وائس مارشل ظفر اسلم نے حاصل کیا۔اس موقع پر رئیر ایڈمرل عبدالباسط بٹ، پریذیڈنٹ سروسز سپورٹس کنٹرول بورڈ جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز، نے ائر وائس مارشل ظفر اسلم کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔انٹر سروسز گالف چمپئن شپ۔2021 پاک آرمی، نیوی اور فضائیہ کی ٹیموں کے مابین 15 سے 19 ستمبر 2021 تک کھیلی گئی جس کا مقصد تینوں مسلح افواج کے گالفرز کو ایک ساتھ کھیلنے کا موقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ صحت مند کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینا تھا۔