عمر گل پاکستان کرکٹ بورڈ کے رویے سے ناخوش

188

لاہور(جسارت نیوز)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عمر گل نے پی سی بی کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے نہیں علم کہ کبھی یہاں چیزیں تبدیل ہوں گی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں فاسٹ بولر عمر گل کاکہنا تھا کہ میں نے بلوچستان کی کوچنگ کے لیے اپلائی کیا تھا مگرمیری درخواست کو رد کردیا گیا اور راج ہانس کو ہائر کرلیا گیا ہے، ایک آرگنائزیشن کی جانب سے یہ مکمل طور پر غیر اخلاقی ہے۔سابق فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ بلوچستان ٹیم کے ساتھ وابستگی کے لیے ایک ہفتہ تک انتظار کیا اور اپنی دیگر مصروفیات بھی منسوخ کیں ، پی سی بی میں پروفیشنلزم کا فقدان ہے جس سے میرا دل ٹوٹا ہے،مجھے علم نہیں تھا کبھی یہاں چیزیں تبدیل ہوں گی گرینٹ بریڈ برن نے مجھے یقین دلایا تھا کہ میرا نام بلوچستان ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ کے لیے تجویز کیا گیا ہے لیکن تمام طریقہ کار مکمل کرلینے کے بعد بھی میری درخواست چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے رد کر دی۔عمر گل کا مزید کہنا تھا کہ میں مکمل پراسیس سے گزرے بنا کبھی بھی کسی چیز کا حصہ نہیں بننا چاہوں گا ،میں پاکستان کے لیے فخر کے ساتھ کھیلا ہوں اور فخر کے ساتھ کوچنگ کروں گا ،مجھے نوکری کی ضرورت نہیں ہے لیکن میں نظام اور کھلاڑیوں کی مدد کرنا چاہتا ہوں اور انہیں اپنے پاس موجود علم دینا چاہتا ہوں۔