تیسرا چیف آف نیول اسٹاف ہاکی ٹورنامنٹ آج سے شروع ہوگا

252

کراچی (اسٹاف رپورٹر) تیسرا چیف آف نیول اسٹاف آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ آج سے عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔ کاشف منیر کا کہنا ہے کہ 28 ستمبر تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ میں 8 ٹیمیں شرکت کرینگی۔ ٹورنامنٹ میں 42 لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم کی جائیگی۔ سوئی سدرن کی ٹیم کی جگہ پورٹ قاسم کو ایونٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ فاتح ٹیم کو 17 لاکھ روپے، رنراپ کو 13 لاکھ اور تیسری پوزیشن کو 10 لاکھ روپے انعام میں دیے جائینگے،۔کاشف کا مزہد کہنا تھا کہ ماضی میں پاکستان ہاکی ٹیم نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ ہم ضرور کھویا ہوا مقام واپس لانیں گے۔ اس کیلیے زیادہ سے زیادہ ٹورنامنٹس کے انعقاد کا ہونا ضروری ہے۔ بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کے لیے بھی انعامات رکھے گئے ہیں۔ پاک بحریہ کھیلوں کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔ کووڈ 19 ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے ایونٹ میں شریک تمام کھلاڑیوں کا ویکسینیٹڈ ہونا لازمی ہے۔ اس موقع پر اولمپین حنیف خان کا کہنا تھا کہ نیوی کے سابق کمانڈر کراچی عارف اللہ حسینی مرحوم قومی کھیل کے فروغ میں پیش پیش رہے، اولمپین سمیع اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نیوی نے ہمیشہ قومی ہاکی کو اہمیت دی۔ پاکستان نیوی کی ٹیم ملک کے ہر ایونٹ میں باقاعدگی سے حصہ لیتی ہے۔ ڈائریکٹر ٹورنامنٹ اولمپین ناصر علی نے آخر میں کہا کہ ٹورنامنٹ میں تمام قواعد وضوابط پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائیگا۔