جی ایس پی پلس میں 5 سال کی توسیع کیلیے جدو جہد کریں گے ، گورنر پنجاب

212

 

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ وہ پہلے کی طرح پاکستان کی ایکسپورٹ کو بڑھانے کے لیے جی ایس پی پلس میں پانچ سال کی توسیع کے لیے سرگرمی کے ساتھ اپنا فرض نبھائیں گے اور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے یورپ کی مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات کی رسائی کو ڈیوٹی فری بنائیں گے ا س وقت ملکی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے اور پاکستان کی ایکسپورٹ میں اضافہ ہورہاہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری کی طرف سے ڈاکٹر گوہر اعجاز کو پی ایچ ڈی کی ڈگری ملنے پر ان کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیرآل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلی ڈاکٹر گوہر اعجاز ،یونائیٹڈ بزنس گروپ کے صدر زبیر طفیل، ایل ڈی اے کے سابق وائس چیئرمین ایس ایم عمران، ظفر بختاوری ، خالد تواب ، میاں اکرم فرید ،حنیف گوہر،اختیار بیگ،اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر سردار یاسر الیاس، احسن ظفر بختاوری اور قازقستان کے سفیریرزان کسٹافین( Yerzhen Kistafin) نے بھی خطاب کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایم منیر نے کہا کہ ڈاکٹر گوہر اعجاز کورونا کے دنوں میں ایک لاکھ گھروں کومتواتر راشن فراہم کرتے رہے ہیں، ہمیں اپنی زندگی میں ایسے کام کرنے چاہئیں کہ دنیا سے جانے کے بعد بھی ہمارے نشان باقی رہیں اور لوگ ایسے کاموں کی وجہ سے ان کو یاد رکھیں۔ زبیر طفیل نے کہا کہ ڈاکٹر گوہر اعجاز پاکستان کے ایک بہترین اور کامیاب کاروباری شخص ہیں اور انہوں نے جس انداز میں سماجی اورفلاحی کاموں کا آغاز کیا ہے پاکستان کی تمام کاروباری شخصیات کو اسی طرح اپنے سماجی خدمات کے سلسلے کو آگے بڑھانا چاہیے۔ گوہر اعجاز نے اس موقع پر کہا کہ ان پر ایک وقت ایسا بھی آیا تھا کہ وہ دس ارب روپے کے مقروض تھے۔