لاڑکانہ،اسکول عمارت کی چھت کا پلاستر گرنے سے طالبعلم زخمی

191

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) قنبر شہدادکوٹ ضلع کی تحصیل سجاول جونیجو کے گاؤں کولاچی میں قائم گورنمنٹ پرائمری اسکول عمارت کی چھت کا پلاستر گرنے سے 7 سالہ دوسری جماعت کا طالبعلم نور محمد کولاچی شدید زخمی ہوگیا، جسے اسکول کے اساتذہ نے زخمی حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا۔ جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔ اس موقع پر اسکول کے ٹیچر محمد حنیف ابڑو نے بتایا کہ گزشتہ سال سے اسکول کی عمارت زبوں حال ہے، جس کے باعث چھت کی پلاستر گرنا معمول بن چکا ہے۔ آج کلاس روم کے چھت کی پلاستر گرنے کے باعث دوسری جماعت کا طالبعلم نور محمد کولاچی شدید زخمی ہوا جسے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسکول کی نئی عمارت تعمیر کرکے بچوں کی زندگیوں کو محفوظ بناکر ریلیف فراہم کیا جائے۔