حکومت ریٹائرڈ ملازمین کے بقایاجات ادا کرے ،جان محمد

225

کھڈرو ڈ(نمائندہ جسارت) سندھ حکومت ریٹائرڈ ملازمین کے ورثاء کو فنانشل اسسٹنس فی الفور ادا کرے، دورانِ ڈیوٹی فوت ہونے والے سرکاری ملازمین کے ورثاء کا فنانشل اسسٹنس قانونی حق ہے جو گزشتہ 8 سال سے ادا نہیں کیا جارہا۔ ان خیالات کا اظہار سندھ کے ریٹائرڈ ملازمین کے صدر جان محمد ڈاہری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 8 سال سے یتیم بچے اور بیوائیں دفاتر کے چکر لگارہے ہیں لیکن سنگدل افسر شاہی کے کانوں پر جوں نہیں رینگتی ، مہنگائی کے اس دور میں مستحق لوگوں کے جائز حقوق پر ڈاکا ڈالنا سراسر زیادتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کتنی ہی بیوائیں اور یتیم بچے اپنے فنانشل اسسٹنس کی وصولی کا انتظار کرتے کرتے یہ جہان ہی چھوڑ گئے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے کرپٹ آفیسر جو رشوت کے بغیر کام کرنے کے عادی نہ ہوں ایسے ظالم آفیسرز کیخلاف انکوائری کرائی جانی چاہیے بعد ازاں سخت سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے مختلف کھاتوں میں ایسے چار ہزار کیس موجود ہیں جنہیں صرف رشوت نہ دیے جانے کی وجہ سے پینڈنگ میں رکھا گیا ہے جو کہ سندھ کی بیوائوں اور یتیموں کے ساتھ سراسر ظلم ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ دوران ڈیوٹی فوت ہونے والے سرکاری ملازمین کے یتیم بچوں بیوائوں کو فوری طور پر ان کے واجبات ادا کیے جائیں۔