جمعیت طالبات محض تنظیم نہیں ایک عظیم تحریک ہے ، دردانہ صدیقی

207

کراچی(اسٹاف رپورٹر)حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے اسلامی جمعیت طالبات کے 52 ویں یوم تاسیس کے موقع پر مبارک باد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اسلامی جمعیت طالبات محض ایک تنظیم ہی نہیں بلکہ یہ نئی نسل کو سدھارنے، بنانے اور سنوارنے اور نوجوان نسل کو اپنے مقصد حیات سے آشنا کرنے کی عظیم تحریک ہے۔اس کا 52 سال کا سفر غلبہ دین کی جدوجہد کا لازوال سفر ہے۔ جمعیت طالبات کا یہ سفر دعوت و عزیمت، تازہ دم جذبوں، انتھک جدوجہد اور بے لوث قربانیوں کی داستانوں سے مزین ہے۔ اقامت دین کی اس جدوجہد میں اسلامی جمعیت طالبات نے بصیرت قرآن، محبت و اطاعت اللہ و رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو زاد راہ بنا رکھا ہے۔فکری اساس کی مضبوطی، دعوت و عزیمت کی تربیت، قرآن و سنت کی تعلیمات سے آگاہی، عزم و حوصلہ اور بہترین ساتھیوں کی رفاقت جیسی نعمت، جمعیت کی میراث ہیں۔جمعیت وہ تنظیم ہے جو طالبات کے ذہنوں کو قرآن و سنت کی بنیاد پر استوار کرنے اور انہیں مادر پدر آزاد تہذیب سے بچا کر اسلامی تہذیب سے وابستہ کرنے کے لیے سر گرم عمل ہے اس لحاظ سے بلا شبہ ظلمتوں کے اس دور میں یہ امید کی ایک کرن ہے۔تعلیمی اداروں میں طالبات کی تیزی سے بڑھتی ہوئی تعداد اور اتنی ہی تیزی سے بڑھتے ہوئے چیلنجز موثر حکمت عملی کا تقاضا کرتے ہیں۔ موجودہ دور میں ضرورت اس بات کی ہے کہ اپنے کردار اور اخلاق کے ذریعے لوگوں کے دلوں کو فتح کیا جائے، علم و دلیل کی بنیاد پر شائستہ انداز میں اپنے پیغام کو پیش کیا جائے اور بھٹکتی انسانیت کو آگے بڑھ کر سینے سے لگایا جائے،اپنے دائروں کو وسعت دی جائے اور دعوت دین کو حکمت کے ساتھ پیش کیا جائے۔آج اسلامی جمعیت طالبات کو اپنی تاریخ کا بڑا چیلنج درپیش ہے مادہ پرستی، بے مقصدیت، نمودونمائش، بے حیائی، وقت کا ضیاع اور سماجی بے راہ روی کا جبر بڑے معرکے ہیں۔اگر ماضی کی طرح آج بھی اسلامی جمعیت طالبات کی تحریک بصیرت قرآن سے مزین اور نبی آخر الزماں صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت سے شاداب ہو گی اور دعوتی دائرہ کار میں بریشم کی طرح نرم اور رزم حق و باطل میں فولاد کی طرح مضبوط ہو گی، تو ان شاء اللہ وقت کا طاغوت بھی ہمیشہ کی طرح ذلیل ہوگا، رحمت خداوندی شامل حال رہے گی، اللہ کا حکم سر بلند ہوگا اور باطل کا کلمہ سرنگوں ٹہرے گا۔ آخر میں، میں یہ کہنا چاہوں گی کہ یہ ایک مسلم حقیقت ہے کہ بلاشبہ جمعیت کی باشعور طالبات معاشرے کے لیے امید کی کرن اور امت مسلمہ کا سرمایہ ہیں لہٰذا مستقبل میں اس سرمائے کی آبیاری کے لیے نظریاتی ہم آہنگی رکھنے والی تحریک کے ساتھ زیادہ سے زیادہ قربت آپ کی تنظیم کے لیے ان شاء اللہ تقویت کا باعث ہو گی۔ اللہ رب العالمین سے دعا ہے کہ صالح طالبات کا یہ قافلہ دعوت دین، خدمت طالبات اور سالمیت پاکستان کی شاندار جدوجہد کو اسی طرح آگے بڑھاتا رہے اور ملک و ملت کے مستقبل کو اسلام اور نظریہ پاکستان سے جوڑنے کا کردار ادا کرتا رہے۔